پاکستان میں اب قائد اعظم ازم چلے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری


ڈاکٹر طاہرالقادری شرکاء کے نعروں کا جواب دیتے ہوئے

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ملا ازم، انتہا پسندی، سوشل ازم اور کمیونزم چل چکے، پاکستان میں اب قائد اعظم ازم چلے گا۔ لاہور میں مینار پاکستان کے احاطے میں جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کو 7 صوبوں میں تقسیم کرنا چاہتا ہوں جس سے اختیارات اور وسائل نچلی سطح تک پہنچیں گے۔ ان کا دعوی تھا کہ 10 لاکھ سے زائد لوگ لاہور میں انقلاب کے لیے مینار پاکستان تلے جمع ہیں۔ پی اے ٹی کے سربراہ طاہرالقادری نے خطاب سے قبل سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ہلاک افراد کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد دھرنے کو 65 دن ہو چکے ہیں، دھرنے والوں کے صبر نے عوام کے شعور کو بیدار کر دیا، کروڑوں عوام کے اندر قربانیوں نے انقلاب کے لیے جسارت پیدا کر دی، ماڈل ٹاؤن کے شہداء کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو 17 جون کے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء پر ریمنڈ ڈیوس بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ ریمنڈ ڈیوس نے دھرتی کے بچے قتل کیے، حکمرانوں نے دیت لے کر فرار کرا دیا، کسی شہید کی دیت قبول نہیں ہوگی، صرف قصاص ہوگا، قصاص کے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہمارے شہیدوں کا معاملہ قاتلوں کی پھانسی پر ختم ہوگا۔


مینار پاکستان کے سائے تلے عوام الناس کی کثیر تعداد شریک ہے

پی ٹی اے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف دور میں 7 سال پہلے بجلی فی یونٹ 3 روپے تھی، جبکہ 2011 میں پیپلز پارٹی کے دور میں بجلی فی یونٹ 7 روپے ہوگئی، پاکستان میں انقلاب کے بعد قوم کو 2 سے 3 سال میں سب کو بجلی فراہم کریں گے۔ طاہرالقادری نے مزید کہا کہ ہم قومی حکومت کے قیام کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے مگر اس سے قبل احتساب ہوگا اور پھر اصلاحات ہوں گی اور اس کے بعد انتخابات ہوں گے۔

ذرائع: ڈان نیوز

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top