پنجاب کے ٹارگٹ کلرز اور قاتلوں کے خلاف رینجرز کب آپریشن کرے گی؟ ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 28 جون 2015ء

کراچی میں 10روز سے موت کا کھیل جاری ہے، وزیر اعظم اسلام آباد کے محل میں سوئے رہے
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، حکمران صرف لوٹنے کیلئے اقتدار میں آتے ہیں
حکمران دہشت گردی کے بین الاقوامی ایشو کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، ہیتھرو ائیر پورٹ لندن میں صحافیوں سے گفتگو

Dr Tahir-ul-Qadri returns to Pakistan

لندن (29 جون 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پاکستان روانگی سے قبل لندن میں ہیتھرو ایئر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران دہشت گردی کے بین الاقوامی ایشو کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے۔ حکمرانوں کا مجرمانہ عمل اسی طرح جاری رہا تو اس کی سزا آئندہ نسلیں بھگتیں گی۔ انہوں نے کہاکہ دورہ لندن کے دورا ن دہشتگردی کے خاتمہ کے حوالے نصاب پیش کیا۔ 29 جولائی کو اسلام آباد میں بھی امن نصاب کی تقریب رونمائی ہو گی۔ دہشتگردی کو ختم کرنے کرنے کیلئے بندوق کے ساتھ ساتھ قلم کا موثر استعمال بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کراچی میں لوڈ شیڈنگ اور شدید گرمی کے باعث ہونے والی اموات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ ان اموات کے ذمہ دار وہ عناصر ہیں جنھوں نے 6 ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کیا تھا انہوں نے کہا کہ یہ صرف ملک کو لوٹنے کیلئے اقتدار میں آتے ہیں، لاکھوں کی تعداد میں بھی لوگ مر جائیں ان کے کانوں پر جوں ت نہیں رینگتی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں 10 روز سے موت کا کھیل جاری ہے اور وزیراعظم اسلام آباد کے آرام دہ محل میں سوئے رہے ہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہ کارکنوں کے بہنے والے خون کے قطر قطرے کا حساب لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں رینجرز کو کراچی میں کریمنلز کے خلاف جرات مندانہ کردار ادا کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، وہ اپنا بنیادی فریضہ انجام دے رہے ہیں لیکن میں انکو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ کچھ لاشیں پنجاب میں بھی پڑی ہیں کچھ قاتل پنجاب میں بھی دندناتے پھر رہے ہیں اور وہ اقتدار کی کرسی پر بیٹھے ہیں، انکے خلاف آپریشن کب شروع ہو گا؟ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام ہوا اور ہم ظالموں اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، اللہ کی بارگاہ سے فیصلہ آنے میں دیر ہوتی ہے اندھیر نہیں۔ یہ قانونی جنگ جاری ہے اور جاری رہے گی اس وقت تک لڑیں گے جب تک قاتل کیفر کردار تک نہیں پہنچ جاتے۔ انہوں نے عمران خان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ مجھے انکی لندن آمد کا علم نہیں نہ مجھے کسی نے ان کے بارے میں بتایا ہے اور نہ ہی ہماری کوئی ملاقات ہوئی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top