اللہ تعالیٰ پاکستان کو خوشحالی اور امن کی دولت سے مالا مال کرے: ڈاکٹر طاہرالقادری

دعا ہے پاکستان کو ایماندار، باصلاحیت اور دردمند قیادت نصیب ہو، عید پر پیغام
پختہ یقین ہے 19 کروڑ عوام کا مستقبل روشن اور ظالموں کا انجام عبرتناک ہے
آپریشن ضرب عضب کے عظیم شہداء اور انکے لواحقین کو سلام پیش کرتے ہیں، کارکنوں سے گفتگو

لاہور (17 جولائی 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے عید الفطر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور اسکے 19 کروڑ عوام کو خوشحالی اور امن کی دولت سے مالا مال کرے، یہ بھی دعا ہے کہ اللہ رب العزت پاکستان کو ایماندار، باصلاحیت اور دردمند قیادت نصیب فرمائے جو اس ملک اور قوم کو کرپشن، دہشتگردی اور غربت کے اندھیروں سے نجات دلائے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے جمعتہ الوداع کے بعد معتکفین، تحریک منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان، عہدیداران اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء، زخمیوں و اسیران انقلاب سے خصوصی ملاقات اور گفتگو میں کہا کہ عید کے ان مبارک لمحات پر دعا گو ہوں کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران اسلام اور پاکستان کی خاطر جانیں دینے والے افسران اور جوانوں کی اللہ تعالیٰ یہ قربانی قبول کرے اور ان کے درجات بلند اور ان کے عظیم ورثاء کو صبر جمیل عطاء کرے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف لڑتے ہوئے جانیں دینے والے شہداء اور ان کے لواحقین کو سلام پیش کرتے ہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اللہ سے دعا ہے کہ وہ کشمیراور فلسطین کے مسلمانوں کو آزادی کی نعمت سے بہرہ مند کرے اور عالم اسلام کو داخلی انتشار سے نجات دے، عالم اسلام کو امن کا گہوارہ بنائے اور انہیں اتحاد اور یکجہتی کی لڑی میں پرودے۔ انہوں نے کہا کہ میں آج اپنے شہید کارکن بیٹوں اور بیٹیوں کی کمی کو شدت سے محسوس کررہا ہوں، آج کے دن اللہ سے یہ بھی دعا ہے کہ وہ پاکستان کو ظالموں سے نجات دلائے، انہیں عبرت کا نشان بنائے، پاکستان میں انصاف کا بول بالا ہو اور حقیقی معنوں میں یہ اسلام کا قلعہ ثابت ہو۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ میرا پختہ یقین ہے کہ پاکستان اور اسکے 19 کروڑ عوام کا مستقبل روشن اور پاکستان کو لوٹنے والے چند درجن خاندانوں کا انجام عبرتناک ہو گا۔‎

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top