لاہور: عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس

تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام 25 اپریل 2016 کو کینٹ میں عظیم الشان ُُعظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنسُُ کا انعقاد ہوا، جس سے چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے خصوصی خطاب کیا۔ کانفرنس میں پیر خواجہ عامر فرید کوریجہ، علامہ امداد اللہ قادری، بریگیڈیئر(ر) مشتاق احمد، فیاض وڑائچ، حافظ غلام فرید، شہزاد قادری اور دیگر عشاق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا ہے کہ معاف کرنا، برداشت کرنا، محبت کرنا اللہ کے محبوب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مقبول سنت ہے۔ نئی نسل کو گمراہی سے بچانے کا واحد ذریعہ طریق محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر چلنا ہے۔ دین کو سمجھنے کیلئے محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پہلی شرط ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ انسان مقصد بعثت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جانے اور اسوہ حسنہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر چلتے ہوئے دین اسلام پر ناصرف عمل کرے بلکہ راہ استقامت اختیار کرے۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ گروہی اور بین الاقوامی تعصبات کا شکار ہے۔ تفرقہ اور مسلکی تعصب کی بنا پر عقائد کو بگاڑنے کی کوشش کی جار ہی ہے۔ ان حالات میں وارثین منبر و محراب کو امت کی رہنمائی کا فریضہ ادا کرنا ہوگا۔ اہل علم و دانش کو حوصلہ، برداشت اور ایک دوسرے کے نظریات و عقائد کے احترام کو برقرار رکھنا ہو گا۔ دینی اقدار اور اخلاص پر مبنی تعلیم و تربیت کو عام کرنا ہو گا تاکہ دین کی مٹتی ہوئی اقدار پھر سے زندہ ہو جائیں۔

چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مقدسہ سے تعلق کی مضبوطی اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر زندگی کے ہر شعبے کیلئے رحمت و برکت حاصل کرنا ہو گی تاکہ پوری دنیا امن و سلامتی کا گہوارہ بن سکے۔ محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اخلاق و کردار کا جو معیار دیا ہے اس پر عمل کر کے دنیا کو امن و محبت کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ مسلمانوں کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا حق ادا کرنا ہو گا اس سے انہیں دین کا حقیقی شعور اور کردار مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جھلک نصیب ہو گی۔ دین حق کی سربلندی کیلئے ممکنہ کاوشیں کرنا ہی طریق محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ دین دشمن طاقتیں مسلمان کا اس کے نبی سے تعلق محبت کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔ آج محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، محبت صحابہ اور اللہ والوں کی محبت اور بھی ضروری ہو گئی ہے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا کہ دین اسلام کے پیروکار امن اور سلامتی پر یقین رکھتے ہیں اور رہبر انسانیت حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کیلئے رحمت و سلامتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج امت مسلمہ ترقی اور عروج چاہتی ہے تو رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے والہانہ تعلق عشق کو مضبوط کرنا ہو گا۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود و سلام کے نذرانے پیش کرنا ہونگے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بتائی ہوئی تعلیمات کی اطاعت و پیروی کرنے کیلئے سیرت طیبہ کے تمام پہلوؤں کا مطالعہ کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن امت مسلمہ کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق مضبوط کرنے کیلئے راغب کررہی ہے تاکہ مسلمانوں کی زندگی کا سکون اور خوشیاں لوٹ آئیں۔ دین مبین کا تقاضہ ہے کہ مسلمان حسن سلوک اور احترام آدمیت کے جذبے کو بیدار کریں۔ سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشبو سے دنیا کو پیغام امن اور سلامتی دینا ہو گی۔

کانفرنس کے اختتام پر سجادہ نشین مٹھن شریف پیر خواجہ عامر فرید کوریجہ نے ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top