شعبان کا مہینہ نفرت ختم کرنے، معافی، نرمی اور محبتیں تقسیم کرنے کا مہینہ ہے: فیض الرحمن درانی

قوم لوڈشیڈنگ، مہنگائی، دہشتگردی اور انصاف کے حصول کے حوالے سے عدم تحفظ کا شکار ہے
حکمرانوں کو قرون اولیٰ کے عادل اور مخلص حکمرانوں کی پاکیزہ زندگیوں کا مطالعہ کرنا ہو گا، جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

Faiz ur Rehman Durraniلاہور (28 اپریل 2017) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ شعبان المعظم برکتوں اور سعادتوں کا مجموعہ ہے۔ ماہ شعبان حضور اکرم ﷺ کا محبوب ترین مہینہ ہے۔ شعبان بخشش اور مغفرت کا مہینہ ہے۔ شعبان کا مہینہ نفرت ختم کرنے، معافی، نرمی اور محبتیں تقسیم کرنے کا مہینہ ہے۔ اس مہینے میں ہمیں لوگوں کو معاف کرنا چاہیے۔ ایک دوسرے کی خطائیں معاف کرنے سے اللہ تعالیٰ ہمیں معاف کرے گا۔ اخوت، محبت، رواداری اور صبر و برداشت اسلام کے اہم ستون ہیں۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ ماہ شعبان کا چاند نظر آتے ہی صحابہ کرامؓ تلاوت کلام پاک میں مشغول ہو جاتے، اپنے مال کی زکوۃ نکالتے تا کہ کمزور اور مسکین لوگ رمضان المبارک کی تیاری کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا معاشرہ اتنا بے حس ہو چکا ہے کہ ہمیں ہر وہ شخص صاف دامن دکھائی دیتا ہے جس کے ساتھ ہمارا کسی نہ کسی طور پر تعلق ہے۔ پاکستانی قوم لوڈشیڈنگ، مہنگائی، دہشتگردی اور انصاف کے حصول کے حوالے سے عدم تحفظ کا شکار ہے جبکہ کرپٹ حکمران قانون اور آئین کی بالادستی کی بات کرتے ہیں لیکن عملاً ان اوصاف سے کوسوں دور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو قرون اولیٰ کے عادل اور مخلص حکمرانوں کی پاکیزہ زندگیوں کا مطالعہ کرنا ہو گا۔ ساری قوم کو متحد ہو کر ایسے حکمرانوں کو منتخب کرنا ہو گا جو قرون اولیٰ کے حکمرانوں کے نقش قدم پر چل سکیں۔

انہوں نے کہاکہ ماہ شعبان شروع ہو چکا ہے، یہ مبارک مہینہ نیکیوں کا موسم بہار ہے اور رمضان المبارک کی آمد کا پیغام لے کر آتا ہے۔ یہ وہ مقدس اور مبارک مہینہ ہے جس کی خیر و برکت سے ہم اپنے دامن مغفرت کے موتیوں سے بھر سکتے ہیں۔ یہ بہت سی رحمتوں اور مغفرتوں کا ضامن مہینہ ہے۔ رسول اکرم ﷺ نے اسے اپنا مہینہ فرما کر ا س کی عظمت میں اور بھی اضافہ فرما دیا ہے۔ شعبان المعظم اور بالخصوص اس مہینے کی 15ویں شب (شب برات) کو سستی، غفلت کی نظر نہ ہونے دیں۔ اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں حاضر ہوں اور ندامت کے آنسو بہائیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top