دیوالی کی تقریب میں منہاج القرآن کے رہنما سہیل رضا کی شرکت

مسلم، سکھ، مسیحی رہنماؤں نے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دی

لاہور (20 اکتوبر 2017) ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے وفد کے ہمراہ لاہور میں ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کی تقریب (کرشنا مندر) راوی روڈ میں شرکت کی۔ دیوالی کی تقریب میں مسیحی رہنما ڈاکٹر فادر جیمز چنن، سردار رنجیت سنگھ، علامہ عبدالمصطفیٰ چشتی اور دیگر مذہبی رہنماؤں نے ہندو رہنما ڈاکٹر منوہر چاند اور سنیتا ملہوترا کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ ہندو برادری کی مذہبی تقریب (دیوالی) متروکہ وقف املاک بورڈ حکومت پاکستان کے زیراہتمام منعقد کی گئی۔

تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا نے کہا کہ وطن عزیز جو کہ ایک اسلامی جمہوریہ ہے جہاں آئین پاکستان کے تحت قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات کی روشنی میں تمام مذہبی اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی فراہم کرنا ایک اسلامی ریاست کی حیثیت سے قومی ملی اور مذہبی ذمہ داری ہے۔ پاکستان کے تمام مسلمان اپنے غیر مسلم شہریوں کے سیاسی، سماجی اور مذہبی حقوق کے تحفظ کا احترام کرتے ہیں اوران کے ساتھ مکمل مذہبی اور ثقافتی ہم آہنگی کیلئے کوشاں ہیں۔ تحریک منہاج القرآن (انٹرنیشنل) کے سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جانب سے ارض پاکستان میں بسنے والے اور دیگر ممالک میں رہنے والی تمام ہندو برادری کو ان کے مذہبی تہوار پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ہم ملک دشمن طاقتوں کو واضح کر نا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں بسنے والی تمام مذہبی اقلیتیں وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کیلئے سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے متحد اور یکجا ہیں اور ہر قسم کی جارحیت کے خلاف ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top