17 جنوری مال روڈ لاہور سے انصاف کیلئے طاقتور عوامی احتجاج شرو ع ہو گا: ڈاکٹر طاہرالقادری کی APC ایکشن کمیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اے پی سی ایکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں متفقہ فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف، معصوم زینب اور قصور پولیس کی بربریت کا شکار شہریوں کے انصاف کیلئے 17 جنوری سے مال روڈ لاہور سے طاقت ور عوامی احتجاج کا آغاز ہوگا۔ قوی امید ہے احتجاج میں اے پی سی میں شریک تمام جماعتوں کی مرکزی قیادت شریک ہو گی۔ تمام آپشن کھلے ہیں کسی حد تک بھی جا سکتے ہیں۔ احتجاج کا آخری راؤنڈ فیصلہ کن ہو گا۔ 17 جنوری کے بعد کے لائحہ عمل کیلئے 16 جنوری کو 12 بجے دن ایکشن کمیٹی کا اجلاس عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہو گا۔

اس موقع پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، جہانگیر ترین، قمر الزمان کائرہ، سینیٹر کامل علی آغا، ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، میاں منظور وٹو، خرم نواز گنڈاپور، عبد العلیم خان، ناصر شیرازی، شعیب صدیقی، چوہدری فیاض وڑائچ و دیگر رہنماء شریک تھے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک نا انصافی کرنیوالے اقتدار میں ہیں انصاف نہیں مل سکتا، قومی قیادت اس نتیجے پر پہنچ چکی ہے کہ سلطنت اشرافیہ کے اقتدار کے مکمل خاتمے کے بغیر نا انصافی کا خاتمہ نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج آئین اور جمہوری اقدار کے دائرے میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے سوا ہم پر کوئی پابندی نہیں، حصول انصاف کیلئے آخری حد تک جا سکتے ہیں۔

دریں اثناء ایکشن کمیٹی کے ممبران سہ پہر 4 بجے مرکزی سیکرٹریٹ میں پہنچے اور 17 جنوری کے احتجاج کی توثیق کی گئی، ایکشن کمیٹی نے حکومت کو خبردار کیا کہ ہمارا احتجاج پر امن ہو گا پولیس گردی اور غنڈہ گردی کے نتائج بھیانک ہوں گے۔ اجلاس میں معصوم بچی زینب کے قتل کے اذیت ناک واقعہ پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے قصور پولیس اور ایڈمنسٹریشن کی مجرمانہ غفلت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسکا ذمہ دار براہ راست وزیر اعلیٰ پنجاب اور رانا ثناء اللہ کو ٹھہرایا گیا۔ اجلاس میں قصور میں پولیس فائرنگ سے شہید ہونیوالے شہریوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top