فیصل آباد: سوشل میڈیا ٹریننگ کیمپ برائے رضاکاران

منہاج القرآن یوتھ لیگ فیصل آباد کے زیراہتمام 16 فروری 2014ء بروز اتوار رضاکاران کے لئے ضلعی دفتر پاکستان عوامی تحریک فیصل آباد میں سوشل میڈیا ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان میں حقیقی جمہوریت کی بحالی، کرپٹ نظام کے خاتمے اور مصطفوی انقلاب کیلئے سوشل میڈیا پر شب و روز رضاکارانہ طور پر کام کرنے والے نوجوانوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے اس کیمپ میں شرکت کی۔ کیمپ کے مقاصد میں سوشل میڈیا کا مثبت اور بہترین استعمال، سوشل میڈیا پر عملی کام کے دوران احتیاطی تدابیر سے آگہی اور سوشل میڈیا کو حقیقی تبدیلی کے لئے بہتر طریقے سے استعمال کرنے کی ٹپس شامل تھیں۔

مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن سے ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین، مرکزی سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر راشد شہزاد، سوشل میڈیا ممبر محمد یامین مصطفوی اور پروگرامر شہزاد احمد نے کیمپ میں شرکت کی۔ جبکہ میاں کاشف محمود ناظم تحریک منہاج القرآن فیصل آباد، رانا طاہر سلیم صدر پاکستان عوامی تحریک فیصل آباد، ملک عامر اقبال صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ فیصل آباد، باجی تسلیم افضال ناظمہ تربیت منہاج القرآن ویمن لیگ فیصل آباد، میاں عبدالقادر جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک فیصل آباد، میاں عبدالجبار سیکرٹری سوشل میڈیا منہاج القرآن یوتھ لیگ فیصل آباد، ڈاکٹر محمد ارشد سیکرٹری سوشل میڈیا تحریک منہاج القرآن فیصل آباد سمیت دیگر نے شرکت کی۔

کیمپ کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ جس کے بعد جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک فیصل آباد میاں عبدالقادر نے ابتدائیہ کلمات میں مہمانان گرامی اور شرکاء کو خوش آمدید کہا۔

ابتداء میں ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین نے سوشل میڈیا کے تعارف پر مبنی پریزنٹیشن دیتے ہوئے موجودہ دور میں اس کی ضرورت و اہمیت کو بیان کیا، سوشل میڈیا کیا ہے؟ اس کا استعمال کیوں کیا جائے؟ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اسے مصطفوی انقلاب کیلئے کیسے استعمال کیا جائے؟ علاوہ ازیں انہوں نے سوشل سرکل کا تعارف، اہمیت اور سوشل سرکل میں توسیع کے مختلف طریقوں پر بھی سیرحاصل بحث کی۔ انہوں نے کہا کہ اچھا کارکن ہمیشہ اپنے لیڈر کا آئینہ دار ہوتا ہے، لہٰذا سوشل میڈیا پر کام کے دوران ہمارا کردار ویسا ہی ہونا چاہیئے جس کی تعلیم ہمیشہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیں دی ہے۔ سوشل میڈیا پر کام کے دوران ہمارے ہر عمل سے یہ ثابت ہونا چاہیئے کہ ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تربیت یافتہ کارکن ہیں۔ انہوں نے کیمپ کے شرکاء کو سوشل میڈیا پر تحریک کے پیغام کو فروغ دینے کے لئے نہایت مفید ٹپس بھی دیں۔ وطن عزیز پاکستان میں رائج کرپٹ نظام کے خلاف آواز بلند کرنے اور پاکستان میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے دیا جانے والا ایک کروڑ نمازیوں کے ٹارگٹ کو مکمل کرنے کے لئے سوشل میڈیا کے بہتر استعمال کے حوالے سے ہدایات بھی دیں۔

مرکزی سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر راشد شہزاد نے Twitter کے عملی استعمال پر مبنی پریزنٹیشن دی اور اس کے بنیادی استعمال کا طریق کار بھی تفصیل سے بیان کیا۔ انہوں نے رضاکاران کو سوشل میڈیا پر کام کرنے کے نہایت مفید اور رہنما اصول بھی بتائے تاکہ Twitter کی مدد سے موجودہ کرپٹ انتخابی و سیاسی نظام کے خلاف بیداری شعور کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام لاکھوں کروڑوں لوگوں تک عام کیا جا سکے۔

مرکزی سوشل میڈیا ممبر محمد یامین مصطفوی نے فیس بک کے بہتر استعمال کے حوالے سے پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے شرکاء کو سوشل میڈیا کی خرافات اور اس کے منفی پہلوؤں سے باخبر کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر سے بھی باخبر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نمازیوں کے ٹارگٹ کی طرف تیزی سے بڑھنے کیلئے سوشل میڈیا پر غیرسنجیدہ رویہ، غیراخلاقی پوسٹس، متنازعہ موضوعات اور وقت ضائع کرنے والی بحثوں سے بچنا مصطفوی کارکنان کیلئے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی اہمیت کو پہچانتے ہوئے سوشل میڈیا پر جتنا وقت صرف کریں اسے بہترین مقاصد کے لئے استعمال کریں۔

کیمپ کے آخری سیشن میں ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین نے سوشل میڈیا کوآرڈنیشن پلان کے حوالے سے آخری پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے فیصل آباد کی مقامی تنظیمات کو سوشل میڈیا کوآرڈینیٹرز کی تعیناتی کا پلان دیا اور کوآرڈینیٹرز کو ان کی ذمہ داریوں اور سوشل میڈیا ورکرز کی رجسٹریشن کا طریقہ کار سمجھایا۔

ٹریننگ سیشن کے اختتام پر منتظمین نے سوشل میڈیا کیمپ میں مرکزی ٹیم کی شرکت اور رضاکاران کو دی جانے والی ٹریننگ پر شکریہ ادا کیا۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ فیصل آباد کی جانب سے اپنے محبوب قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔ کیمپ کا اختتام دعائے خیر سے ہوا اور شرکاء کو ریفریشمنٹ کروائی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Minhaj TV
Quran Reading Pen
Presentation MQI websites
Advertise Here
Top