منہاج القرآن انٹرنیشنل فن لینڈ کے زیراہتمام اسلامی تصور امن اور انسانی حقوق پر سیمینار

مورخہ: 17 جون 2010ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل فن لینڈ کے زیراہتمام  ’Islamic Concept of Human Rights and Peace‘ کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا۔ یہ سیمینار ہیلنکسی کی مشہور یونیورسٹی Univeristy of Technology Campus کے ہال میں مورخہ 17 جون 2010ء بروز جمعرات کو ہوا، جس میں صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے خصوصی خطاب کیا۔ سیمینار میں ناروے، اوسلو کے جنرل سیکرٹری فیض عالم قادری، میڈیا سیکرٹری عقیل قادر اور ڈنمارک سے کوپن ہیگن کے جنرل سیکرٹری بلال اپل نے خصوصی شرکت کی۔ علاوہ ازیں یونیورسٹی کے طلبہ، منہاج القرآن انٹرنیشنل فن لینڈ کے عہدیداران و رفقاء کثیر تعداد میں شامل تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت منہاج القرآن فن لینڈ کے ناظم دعوت علامہ قاری نعیمی نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سید احمد رضا نے پیش کی۔ پروگرام میں نقابت کے فرائض فن لینڈ کے صدر اعجاز اختر قادری نے ادا کئے۔

صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت کی ذات بابرکت نور ہے اور وہ حسن و خوبصورتی کو پسند کرتا ہے اسی لئے اس نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذریعے اپنی مخلوق کے لئے اسلام کی بنیاد رکھ کر امن، محبت اور سلامتی کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت فرماتے ہیں کہ جو غافل ہے میں اسے بھی عطا کرتا ہوں اور جو عبادت گزار ہے اسے بھی سب کچھ عطا کرتا ہوں، اللہ کی شان یہ ہے کہ وہ اپنی مخلوق کو بلا امتیاز عطا کرتا ہے چاہے وہ گنہگار ہو یا نیکوکار۔

انہوں نے کہا کہ اسلام نے تمام قسم کے امتیازات، ذات پات، نسل، رنگ، جنس، زبان، حسب و نسل اور مال و دولت پر مبنی تعصبات کو جڑ سے اکھاڑ دیا ہے۔ اسلام جملہ شعبہ ہائے زندگی میں اعتدال اور توازن کا درس دیتا ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہر پہلو کے حوالہ سے ایسی تعلیمات عطا کیں ہیں جو زندگی میں حسین توازن پیدا کرنے کی ضمانت دیتی ہیں۔ اسلام کی بنیادی تعلیم یہ ہے کہ ہر شخص اپنے اوپر عائد دوسرے افراد کے حقوق کی ادائیگی کے لئے کمر بستہ رہے۔

صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا اسلام سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔ آج کے دور میں اگر دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنا ہے تو آج کے دور کے خوارج کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا دہشت گردی کے خلاف دیا جانے والا عظیم فتویٰ اس کی بنیاد بن سکتا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شخصیت ہی پاکستان کو اغیار کے چنگل سے چھٹکارا دلا سکتی ہے۔ منہاج القرآن کا راستہ ہی قرآن کا راستہ ہے اور یہی امن، محبت اور سلامتی کا راستہ ہے جسے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری گذشتہ 30 سالوں سے عوام الناس میں عام کر رہے ہیں۔

پروگرام کے آخر میں صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے حاضرین کے سوالوں کے جوابات دیئے۔ ارشد فاروق نے "فن لینڈ کے بارے میں" اپنی کتاب صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کو پیش کی جبکہ علامہ قاری نعیمی اور اعجاز اختر قادری نے لائف ممبر شپ کی اسناد صدر سپریم کونسل سے وصول کیں۔

سیمینار کو کامیاب بنانے میں سید عدنان علی (جنرل سیکرٹری)، شیراز احمد (فنانس سیکرٹری)، جنید حسین (نائب صدر)، علامہ قاری نعیمی (ناظم رابطہ ودعوت)، شکیل تبسم، ڈاکٹر مجاہد حسین شاہ، وحید شاہ، عدنان غنی، چوہدری عنصر، احمد رضا، حاجی مسعود اور دیگر رفقاء نے خصوصی محنت کی۔ پروگرام کے اختتام پر حاضرین کو پرتکلف کھانا دیا گیا۔

رپورٹ : عقیل قادر (ناروے)

تبصرہ

Top