MQI گارج لے گونس (فرانس) میں ماہانہ گیارہویں شریف کی محفل

منہاج القرآن انٹرنیشنل گارج لے گونس فرانس کے زیر اہتمام مورخہ 15 ستمبر 2012ء بروز ہفتہ ماہانہ گیارہویں شریف کی محفل منعقد ہوئی جس کی صدارت حاجی خلیل احمد (سرپرست منہاج القرآن انٹرنیشنل گارج لے گونس،فرانس) نے کی، جبکہ منہاج القرآن گارج لے گونس کے جملہ عہدیداران، کارکنان، منہاج القرآن یوتھ لیگ کے کارکنان اور پاکستانی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ماہانہ محفل گیارہویں شریف کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری نور الامین قادری نے حاصل کی۔ اس کے بعد حاضرین مجلس نے اجتماعی طور پرآقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود و سلام کے پھول نچھاور کئے۔ اشتیاق احمد، راجہ رضوان (گولڈ میڈل) اور زاہد محمود چشتی نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعتوں کی صورت میں عقیدت کا نذرانہ پیش کیا۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل گارج لے گونس کے ڈائریکٹر علامہ چودھری رازق حسین گجر نے محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عنوان سے گفتگو کی۔منہاج یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری نے انسان کی روح کے سفر کے عنوان سے مدلل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضورغوث پاک رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی ظاہر حیات میں اللہ اور اس کے مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذکر کو قیامت تک کے لئے جاری وساری کرنے کے لئے گیارہویں شریف کی محفل کو ایک ذریعہ کے طور پر عوام میں متعارف کرایا۔ محفل کے اختتام پر درود وسلام پیش کیا گیااور خصوصی دعا کے بعد شرکاء محفل کو ضیافت کروائی گئی۔

رپورٹ: محمد علی رضا

تبصرہ

Top