فرانس: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری دو روزہ دورہ پر فرانس پہنچ گئے

مورخہ: 17 جون 2013ء

منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری مورخہ 17 جون 2013 کو دو روزہ تربیتی و تنظیمی دورہ فرانس کے لیے چارلس ڈی گال پیرس ایئر پورٹ پہنچے۔ صدر منہاج یورپین کونسل اعجاز احمد وڑائچ اور ناظم محمد بلال اپل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض، منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے صدر ملک شبیر اعوان، ناظم قاضی محمد ہارون، نائب صدر چودھری محمد اشرف، ناظم میڈیا راو خلیل احمد، محمد نعیم چودھری، ظہیرعباس گجر اور دیگر تنظیمی عہدیداران و کارکنان نے معزز مہمانوں کا شاندار استقبال کیا۔

میڈیا کے نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ کوئٹہ ویمن یونیورسٹی اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں ہونیوالے بم دھماکے اور فائرنگ ملک وقوم کی سلامتی کے خلاف گہری سازش ہے۔ کوئٹہ بم دھماکوں جیسے واقعات کا تسلسل پاکستان کو غیر مستحکم کرنے، مذہبی اور سیاسی دہشت گردی کے ساتھ ساتھ ملک میں لسانی، علاقائی اور سیاسی بنیادوں پر فسادات کو ہوا دینے کی گھناونی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام انتہا پسندی، فرقہ واریت اور دہشت گردی کی ہر سطح پر مذمت کرتا ہے اور انسانیت کو امن، برداشت، روادری، احترام اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے بم دھماکوں کے نتیجہ میں ہونے والی انسانی جانوں کے ضیاع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے قاتل ہیں اور وطن عزیز کے امن کو سبوتاژ کرنے اور عدم تحفظ کا شدید احساس پیدا کر کے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

رپورٹ: راؤ خلیل احمد

تبصرہ

Top