منہاج القرآن گجرات کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس، مرکزی نائب ناظم اعلیٰ کوارڈینیشن کی شرکت

تحریک منہاج القرآن ضلع گجرات کی ایگزیکٹو کونسل کا ماہانہ اجلاس 29 ستمبر 2020ء کو ضلعی سیکرٹریٹ کفیل پلازہ میں منعقد ہوا، جس میں مرکزی نائب ناظم اعلیٰ کوارڈینیشن انجینئر محمد رفیق نجم نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں انجینئر محمد رفیق نجم کو پی پی حلقہ جات کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جسے انہوں نے سراہا۔

اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ضلع گجرات کی ورکنگ مثالی ہے۔ انہوں نے موجودہ حالات کے تناظر میں کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے موجودہ حکومت کے آنے سے پہلے ہی کہا تھا کہ اس الیکشن کے تحت عوام کسی قسم کی تبدیلی کی توقع نہ رکھیں اور انکی یہ بات سچ ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جس چیز میں بھی عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی وہ غائب ہو گئی اور عوام مہنگائی اور بیروزگاری کے ہاتھوں تنگ آ چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں پاکستان عوامی تحریک بھرپور طریقے سے میدان میں اترے گی اور کارکنان بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے بھرپور تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہمہ جہت انقلاب ہی عوام کی امیدوں کا مرکز و محور ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کا راگ الاپنے والوں نے عوام کو ہر موڑ پر بیوقوف بنایا ہے۔ اجلاس سے تحریک منہاج القرآن گجرات کے ضلعی صدر مرزا محمد طارق بیگ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گجرات میں تحریک کا کام پی پی حلقہ جات کے تعاون اور ساتھیوں کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے جس کے سبب ضلع گجرات میں 100 یونین کونسلز میں تنظیم سازی مکمل ہوچکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی الیکشن میں اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی اور کارکنان اس حوالے سے بھرپور محنت کریں۔ اجلاس کے اختتام پر پی پی حلقہ جات میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والی تنظیمات کے عہدیداران کو شیلڈ زپیش کی گئیں۔

(رپورٹ: رضوان ظفر ساہی)

تبصرہ

Top