دکھی انسانیت کی خدمت، منہاج القرآن کا اولین مقصد ہے: علامہ محمد شکیل ثانی

منہاج القرآن انٹرنیشنل (اباراکی کین، جاپان) کے زیر انتظام مورخہ 13جولائی2012ء کو زکوۃ مہم کا آغاز کردیا ، اس سلسلہ میں ایک عظیم الشان پروگرام مرکز المصطفیٰ میں منعقد ہوا جس میں منہاج القرآن جاپان کے رفقاء کے علاوہ دیگر احباب نے شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد حامد نے حاصل کی ، نقابت کے فرائض محمد انعام الحق نے سرانجام دیئے، آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت کے لئے محمد وقاص کو دعوت دی گئی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل (ابارکی کین، جاپان) کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ہی دین اسلام کی اصل ہے ، حقوق العباد کا تعلق انسانیت سے محبت ہے۔ اللہ رب العزت نے حقوق اللہ نماز، روزہ ، حج، زکوۃ کا وقت قلیل رکھا ہے جبکہ وقت کی تقسیم میں حقوق العباد کا زیادہ حصہ ہے۔ اگر غور کیا جائے تو حقوق اللہ کی حقیقت بھی حقوق العباد ہی ہے۔ نماز کو ہی لے لیں اگر تنہا پڑھیں تو صرف ایک نماز کا ثواب ہے ، مسجد میں اداکریں تو 27نمازوں کا ثواب ملتا ہے۔ انسان اللہ سے پوچھتا ہے کہ تو ایسا کیوں کرتاہے؟ تو جواب ملتا ہے کہ تنہائی کی نماز صرف میری بندگی تھی، جبکہ مسجد میں میرے بندوں سے ملاقات کی، حال احوال دریافت کیا، دکھ سکھ میں شریک ہوا تو میں نے ثواب بڑھا دیا۔اسی طرح رمضان کے روزوں کو لے لیں پورا مہینہ روزے رکھے ، عید الفطر کا دن ہے ، خوشی کا دن ہے اللہ کی بارگاہ سے اجر مانگنے کا دن ہے ۔ نماز عید کے لئے گھر سے نکلے تو اللہ کا حکم مل گیا کہ میرے بندو روزوں کی قبولیت تب ہوگی جبکہ پہلے صدقہ فطر ادا کروگے، پوچھا مولا وہ کیا ہے؟ جواب ملا اپنی بستی، گلی محلے کے ان لوگوں کو شامل کرو جو مجبور ہیں انہیں بھی خوشیوں میں شامل کرو۔

علامہ محمد شکیل ثانی نے مزید کہا کہ اللہ رب العزت نے بندے کو مال ودلت سے نوازا ہے سال گذرگیا ہے مال کو پاک کر لو، ڈھائی فیصد میرے بندوں کو جو حقدار ہیں دے دو مال پاک ہو جائے گا۔حج بھی ایک بہت بڑے اجتماع کا نام ہے، جس میں پوری دنیا کے مسلمان ایک جگہ پر جمع ہو کر اتفاق و اتحاد کا اعلان کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ گناہوں سے پاک کردیتا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کا مقصد اولین خدمت خلق اور مصطفوی معاشرے کا قیام ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری پوری دنیا میں محبت وامن کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ 11مارچ2012ء کو جاپان میں آنے والے سونامی نے جو تباہی مچائی تھی منہاج القرآن کے رفقاء وکارکنان نے عوام الناس کی بحالی کے لئے دن رات محنت کی۔

پچھلے دنوں پاکستان اور جاپان کی دوستی کے ساٹھ سال مکمل ہونے پر اباراکی کین میں پاکستان کے سفارت خانہ کی طرف سے ایک بازار لگایا گیا جس میں منہاج ویلفیئر سوسائٹی نے شرکت کی ، ویلفیئر سوسائٹی کی خدمات کے اعتراف میں ایمبیسیڈر آف پاکستان نور محمد جاد مانی نے حسن کارکردگی کی سندات جاری کیں جنہیں محمد انعام الحق، محمد ایاز ، محمدعمران بیگ، محمد حنیف مغل اور علامہ محمد شکیل ثانی نے اپنے دست مبارک سے کارکنوں میں تقسیم کیں۔ حسن کارکردگی کی اسنادمحمد مظہر، محمد یٰسین بٹ، صابر حسین، اعجاز احمد، محمد اشفاق خان، محمد انعام الحق، محمد عمران بیگ، شیخ محمد فیاض ، علامہ محمد شکیل ثانی، محمد فیصل ملک، امانت علی گوندل، محمد شمس پٹھان، شمشاد خان اور محمد ایاز کو دی گئیں۔

علامہ محمد شکیل ثانی نے بیت الزہرہ اور آغوش کا تعارف کروایا اور کارکنان کو ہمت سے زکوۃ مہم چلانے پر مائل کیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اپنی آمدن میں سے خدمت دین فنڈ کا حکم دیا ہے اس کے لئے بھی ترغیب دی۔ پروگرام کے اختتام پر منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد انعام الحق نے اسناد حاصل کرنے والے ساتھیوں کو مبارکباد پیش کی ، محمد صالح افغانی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔اختتام پر دعائے خیر ہوئی اور ضیافت کا انتظام کیا گیا۔

رپورٹ: اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

Top