جاپان: قائد ڈے تقریب 2018

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے 67ویں یوم پیدائش کے سلسلہ میں ایک پروقار تقریب اور محفل نعت منعقد ہوئی۔ منہاج القرآن جاپان کے زیراہتمام منعقدہ اس تقریب کی صدارت ڈائریکٹر علامہ شکیل ثانی نے کی جبکہ تحریک انصاف جاپان کے صدر اور معروف کاروباری شخصیت احمد سعید بھٹی مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں منہاج القرآن جاپان کے عہدیداران اور تحریک سے وابستہ افراد کے علاوہ دیگر مکاتب فکر نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے ڈاکٹر طاہرالقادری سے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے انکی شخصیت کو خراج تحسین پیش کیا اور انکو سالگرہ کی مبارکباد بھی دی۔

محفل نعت میں محمد ثاقب الرحمٰن نے اپنے انداز میں شیخ الاسلام کا عارفانہ کلام ’’اے چارہ گر شوق‘‘ پیش کیا۔ ہدیہ نعت پیش کرنے والوں میں فیصل ملک، محمد کامران، اصغر علی بھنڈر، سید طیب شاہ اور دیگر احباب شامل تھے۔

اس موقع پر سعید بھٹی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی شخصیت اللہ کا انعام ہے۔ اس دور میں ہم خوش قسمت ہیں کہ عالم اسلام کو ان جیسا مجدد اور سکالر ملا جنہوں نے دنیا بھر میں منہاج القرآن کے ادارے قائم کرکے اسلام کا صحیح تشخص قائم کیا۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے روح رواں نے اپنے خطبہ اختتامیہ میں والہانہ انداز میں قائد تحریک کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اس دور کے مجدد ہیں۔ ان پر مر مٹنے والے دنیا بھر میں موجود ہیں۔

تقریب کے اختتام پر سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور درودوسلام کا نذرانہ پیش کیا۔

تبصرہ

Top