منہاج القرآن لاہور پی پی 144 کے زیراہتمام پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس

منہاج القرآن لاہور پی پی 144 کے زیراہتمام پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں منہاج القرآن نظامت تربیت کے رہنما علامہ فیاض احمد بشیر نے خطاب کیا۔ علامہ فیاض بشیر نے کہا کہ ظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کی سنت اور دین مصطفی ﷺ کی اصل تعلیمات ہیں۔ ظلم پر خاموشی اختیار کرنے والے یا ظالم کے اثر ورسوخ، مال و دولت سے مرعوب ہونے والے حسین علیہ السلام نہیں یزید کے راستے پر ہیں۔

انجینئر محمد رفیق نجم نے اپنے خطاب میں کہا کہ منہاج القرآن حسینی فکر کی علمبردار ہے، اس تحریک کے کارکنوں کو ظالم نظام کے خلاف لڑتے ہوئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عالم اسلام کی وہ واحد شخصیت ہیں جنہوں نے مسند امام علی علیہ السلام کے ذخیرہ حدیث پر کام کیا اور 12 ہزار سے زائد احادیث جمع کیں جو شہر علم حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے مروی ہیں۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے مروی احادیث مبارکہ کا مجموعہ مسند امام علی علیہ السلام کے نام سے بہت جلد اہل بیت اطہار سے محبت رکھنے والے کلمہ گو مسلمانوں اور علمی حلقوں کے سامنے ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہزار سال کی تاریخ میں یہ کام نہیں ہوا، یہ سعادت اللہ نے تحریک منہاج القرآن اور قائد تحریک منہاج القرآن کو بخشی ہے۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اہل بیت اطہارکی لازوال قربانیوں نے حق اور باطل کے درمیان قیامت تک کے لیے لکیر کھینچ دی ہے۔

امیر لاہور حافظ غلام فرید نے اپنے خطاب میں کہا کہ بدبخت یزید نے ریاستی طاقت کے نشے میں اہل بیت اطہار پر ظلم کے پہاڑ ڈھائے مگر آل رسول ﷺ نے جانوں کے نذرانے پیش کر دئیے مگر یزید کے باطل اقتدار کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔

اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ جو دل اہل بیت اطہار کی محبت سے خالی ہیں وہ مردہ ہیں۔ صدر پی پی 144 اسلم طاہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ذکر امام حسین علیہ السلام کی محافل منعقد کر کے ہم اپنے ایمان کو تازگی بخشتے ہیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا کہ جو قرآن اور میری عترت سے جڑے رہیں گے وہ گمراہ نہیں ہونگے۔

کانفرنس کے میزبان شیخ حنیف تھے۔ نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن منہاج القرآن انجینئر رفیق نجم، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، امیر لاہور حافظ غلام فرید، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، صدر پی پی 144 اسلم طاہر، محمد امجد قادری، شہباز بھٹی، شاہد اقبال قادری نے بھی پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس سے خطاب کیا۔

پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس میں معروف نعت خوان ظہیر بلالی اینڈ برادرز اور منہاج القرآن نعت کونسل کے نعمان اور عدنان برادرز نے بھی شان اہل بیت میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top