منہاج القرآن ویمن لیگ میرپور آزاد کشمیر کے زیراہتمام محفل میلاد

مورخہ: 04 مارچ 2012ء

منہاج القرآن ویمن لیگ میرپور نیو بندرال ٹاؤن کے زیراہتمام مورخہ 04 مارچ 2012 کو پانچویں سالانہ محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم برائے خواتین منعقد ہوئی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز منہاج ماڈل سکول میرپور کی طالبہ میمنت طیبہ کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ اس کے بعد منہاج ماڈل سکول میرپور کی طالبات نے دف کے ساتھ آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کیے جبکہ منہاج نعت کونسل لاہور نے بھی اپنے دلنشین انداز میں دف کے ساتھ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ترانے پیش کیے۔

مرکزی ناظمہ تربیت منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ پروفیسر گلشن ارشاد نے اپنے خصوصی خطاب میں عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں کو موضوع گفتگو بنایا۔ انہوں نے کہا کہ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم روح ِایمان ہے۔ اس لیے اپنے دلوں میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چراغ جلا لیں اور سیرت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اندر اپنی زندگیوں کو ڈھال لیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا حقیقی معنوں میں دست و بازو بن کر مصطفوی انقلاب کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ جس سے دنیا امن و سلامتی کا گہوارہ بن جائے اور امت مسلمہ پستیوں سے نکل کر بلندیوں کا سفر شروع کرے۔

 محفل کی صدارت ممتاز بزرگ خاتون سرپرست منہاج القرآن ویمن لیگ میرپور رضیہ سلطانہ نے کی۔ محفل میں ہزاروں خواتین نے شرکت کی، جن میں پروفیسرز، اساتذہ، وکلاء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین شامل ہیں۔ مہمانان خصوصی میں پرنسپل گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج چیچیاں ممتاز و مایہ ناز پروفیسر محترمہ جمیلہ ارشد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعلیمات سکولز میرپور ڈویژن محترمہ شمیم سعید، ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ میرپور محترمہ کبریٰ نثار، مسز منشاہ چوہدری، رومیء کشمیر میاں محمد بخش رحمۃ اللہ علیہ کی پوتی محترمہ تنویر، محترمہ شگفتہ خالد، محترمہ رخسانہ سلیمان، محترمہ فہمیدہ رفیق، محترمہ سعیدہ، محترمہ ثمینہ قیوم، پرنسپل منہاج ماڈل سکول گرلز میرپور محترمہ صفیہ امتیاز، محترمہ رخسانہ امتیاز، محترمہ شاہدہ اختر، محترمہ مدیحہ انجم، محترمہ شہناز فاروق، محترمہ آسیہ یوسف کے علاوہ دیگر خواتین شامل تھیں۔

 اس موقع پر پروفیسر جمیلہ ارشد نے باضابطہ فارم پُر کر کے منہاج القرآن ویمن لیگ کی لائف ممبر شپ کی سعادت حاصل کی۔ نقابت کے فرائض صدر منہاج القرآن ویمن لیگ میرپور محترمہ رخسانہ زبیر قریشی اور ناظمہ حلقات درود و فکر محترمہ مسرت آفتاب نے انتہائی خوبصورتی سے ادا کیے۔ محترمہ گلشن ارشاد صاحبہ کی انتہائی پُر سوز دعا نے محفل میں موجود خواتین کو اشک بار کر دیا۔ پر تکلف ضیافتِ میلاد سے یہ با برکت اور نورانی محفل اللہ تعالیٰ کی طرف سے بارانِ رحمت کی رِم جھِم کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی۔

رپورٹ : ناظمہ تربیت منہاج القرآن ویمن لیگ میرپور روبینہ احسان قریشی

تبصرہ

Top