ساؤتھ کوریا میں جشن آزادی کے سلسلہ میں پروقار تقریب

مورخہ: 08 اگست 2010ء

سئیول مائی گریٹ کمیونٹی سنٹر ساؤتھ کوریا میں مورخہ 8 اگست 2010ء بروز اتوار کو جشن آزادی کے سلسلہ میں ایک عظیم الشان پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کوریا کے امیر محمد جمیل قادری کو بطور مہمان خصوصی دعوت دی گئی۔ منہاج القرآن کے وفد میں محمد مردان علی قادری ناظم انچھن سٹی، چوہدری محمد استخار ناظم خواجہ دونگ سٹی، رانا محمد فاروق ناظم میڈیا انچھن سٹی کے علاوہ تحریک کے دیگر کارکنان نے بھی شرکت کی۔

پروگرام میں پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک تھی جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں مدثر اقبال کمیونٹی ویلفیئر اتاشی پاکستانی ایمبیسی سئیول، حافظ عبدالوحید صدر پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا شامل تھے۔ تقریب کا آغاز حافظ عبدالرحمان کی تلاوت سے کیا گیا جبکہ ناظم منہاج القرآن انچھن سٹی مردان علی قادری نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔

پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کوریا کے امیر محمد جمیل قادری نے کہا کہ پاکستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا۔ برصغیر میں بسنے والے لاکھوں مسلمانوں نے جن مقاصد کے حصول کے لئے قربانیاں دیں وہ مقاصد آج تک حاصل نہ ہوسکے۔ جب سے پاکستان معرض وجود میں آیا ہے اس پر جاگیر دار، سرمایہ دار، وڈیرے اور کرپٹ عناصر مسلط رہے۔ آج 63 برس گزرنے کے باوجود وہ خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا جو علامہ محمد اقبال نے دیکھا تھا۔ آج ہمیں غیرت مند، جرات مند، قابل اور باصلاحیت قیادت کی ضرورت ہے۔ اگر ہم ملک کی تقدیر بدلنا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنی سوچوں کو بدلنا ہو گا۔ اعلیٰ اور مخلص قیادت کا انتخاب کرنا ہو گا۔

پروگرام میں ملی نغمے، قومی ترانہ اور بچوں نے پاکستانی کلچر کے حوالہ سے ٹیبلو شو پیش کئے۔ اختتام پر پاکستان کی سلامتی کے لئے دعا کی گئی اور شرکاء کو کھانا پیش کیا گیا۔

رپورٹ: رانا محمد فاروق

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top