فرید ملت ڈاکٹر فرید الدین کی یاد میں سالانہ فرید ملت سیمینار 2010

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے والد گرامی ڈاکٹر فرید الدین قادری کے سالانہ عرس کی تقریبات جھنگ میں ہوئیں۔ جہاں تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام عظیم الشان فرید ملت سیمینار ضلع جھنگ میں منعقد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت پیر خلیل الرحمن چشتی نے کی۔

قائمقام ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض، نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک انوار اختر ایڈووکیٹ، نائب ناظم اعلیٰ رانا محمد ادریس قادری، ڈائریکٹر امور خارجہ راجہ جمیل اجمل، جواد حامد، عاقل ملک، مقصود احمد، میاں زاہد اسلام نے بھی سیمینار میں خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے میزبان صبغت اللہ قادری، قدرت اللہ قادری، شفقت اللہ قادری اور قاضی قدیر نے مرکزی قائدین اور معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔

سیمینار کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس موقع پر معروف ثنا خوان ارشاد اعظم چشتی اور اعجاز پپو قوال و ہمنوا نے نعتیہ کلام پیش کر کے ماحول کو معطر کر دیا۔

پیر سید خلیل الرحمٰن چشتی (سجادہ نشین آستانہ عالیہ چشتیہ آباد شریف کامونکی) نے سیمینار کے شرکاء سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فرید الدین کی حسن طلب نے امت مسلمہ کو شیخ الاسلام جیسا مسیحا عطا کیا۔ انہوں نے بیٹے کو جگر کا خون دے کر پڑھایا اور تربیت کا حق ادا کیا، اسی لئے تحریک منہاج القرآن نے پوری دنیا میں عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عام کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام کی صورت میں امت کو وہ عظیم قائد نصیب ہوا جس نے صدیوں کا علمی قرض چکایا۔

قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ فرید ملت اپنے عہد کے عظیم صوفی تھے۔ جنہوں نے تقویٰ میں اعلیٰ مقام حاصل کیا اور ان کی دعا سے امت مسلمہ کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسی نابغہ عصر شخصیت عطا ہوئی۔ فرید ملت نے نفسانی خواہشات کے مقابلے میں روح کو طاقتور کرنے کا درس عظیم دیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس قادری نے کہا کہ آج شیخ الاسلام کی روحانی، علمی اور دینی کاوشوں کا سہرا ڈاکٹر فرید الدین قادری کے سر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا ڈنکا پوری دنیا میں بج رہا اور یہ ڈاکٹر فرید الدین کے سجدوں کی تڑپ کا انعام ہے جو عالم اسلام کو اتنی عظیم تحریک نصیب ہوئی۔ فرید ملت کے بیٹے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری تاریکی میں روشنی کی علامت ہیں۔

ناظم علماء کونسل تحریک منہاج القرآن سید فرحت حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فرید الدین معاشرے میں روحانی اقدار کے پھیلاؤ کیلئے کام کرنے والی عظیم تحریک منہاج القرآن کی خشت اول تھے۔ ڈاکٹر فرید الدین ہمہ پہلو شخصیت تھے ان کی ساری زندگی حصول علم کیلئے وقف تھی، شب زندہ دار تھے اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ان کا سرمایہ حیات تھا۔ انہوں نے بیٹے کی تربیت کا حق ادا کر دیا۔ یہ ان کی تربیت کا ہی نتیجہ ہے کہ آج شیخ الاسلام کی صورت میں عالم اسلام کو ایک عظیم قائد ملا ہے۔

سیمینار میں فرید ملت ڈاکٹر فرید الدین قادری کے لیے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ تقریبات میں جھنگ سے کثیر تعداد میں زائرین نے بھی شرکت کی، جن کے لیے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ پروگرام اور تقریبات کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top