عید الاضحی کا دن حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اللہ رب العزت سے بے پناہ محبت کی یاد ہے: علامہ محمد شکیل ثانی

منہاج القرآن انٹرنیشنل (اباراکی کین، جاپان) میں منعقد ہونے والا عید الاضحی کا اجتماع جاپان کی تاریخ کا سب سے بڑا عید کا اجتماع بن گیا۔ سینکڑوں کی تعداد میں مسلم کمیونٹی نے عیدالاضحی کی نماز مرکز منہاج القرآن مسجد المصطفیٰ میں ادا کی۔ پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، بھارت، انڈونیشیااور ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے مسلمان عیدا لاضحی کے دن اسلام کے جھنڈے کے نیچے جمع نظر آئے۔

مرکز منہاج القرآن کی انتظامیہ نے انتہائی لگن اور محنت سے کارپارکنگ کے مسائل حل کئے، مسجد میں نمازیوں کی تعداد بڑھنے پر لوگوں نے باہر سڑک کے کنارے کھڑے ہوکر نماز ادا کی۔ دور دور تک گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ انتظامیہ کے احباب محمد انعام الحق، محمد حنیف مغل، فیصل ملک، اشفاق خان، محمد ایاز، عمران بیگ، امانت علی گوندل کو علامہ محمد شکیل ثانی نے خراج تحسین پیش کیا۔

علامہ محمد شکیل ثانی(ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر اباراکی کین، جاپان) نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانیوں اور آزمائشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حضرت ابراہیم جدالانبیاء ہیں، آپ نے اللہ کی محبت میں اپنا سب کچھ قربان کردیا، اولاد، بیوی، گھر بار ہر چیزاللہ کی راہ میں دے دی تو اللہ رب العزت نے ان قربانیوں کے عوض انہیں آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جد بنا دیا۔ جب تک کائنات رہے گی لوگ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کی یاد میں لوگ قربانیاں کرتے رہیں گے۔

علامہ محمد شکیل ثانی نے منہاج القرآن ویلفیئر فاؤنڈیشن، آغوش اور بیت الزھرہ کا تعارف بھی کرایااور حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی عالمی خدمات پر روشنی ڈالی۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد حضرت حسین اور احمد حسین بھٹی (تاحیات رفقاء) کے گھر قربانی کی گئی جس میں انتظامیہ کے تمام احباب شریک ہوئے۔

رپورٹ: اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top