علامہ محمد شکیل ثانی کا امام بارگاہ (جاپان) میں خطاب

جاپان کی سب سے بڑی امام بارگاہ محمد وآل محمد کے زیر اہتمام مورخہ 03 نومبر 2012ء کو عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور عید غدیر کے موضوع پر عظیم الشان پروگرام کا انتظام کیا گیا جو محمد اقبال کیمانی کی طرف سے تھا۔ پروگرام میں علاقہ بھر کی کاروباری شخصیات اور صحافت سے تعلق رکھنے والے احباب نے شرکت کی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل (اباراکی کین، جاپان) کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے پروگرام میں خصوصی شرکت کی۔ان کے ہمراہ محمد انعام الحق( صدر منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن، جاپان)، محمد فیصل ملک، محمد حنیف مغل، محمد اشفاق خان اور محمد سلیم شیرو تھے، جنہیں امام بارگاہ کی انتظامیہ نے خوش آمدید کہا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری علی حسن نے حاصل کی جبکہ شبیر مصطفائی نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔

علامہ محمد شکیل ثانی نے انتہائی خوبصورت انداز میں ذکر مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ذکر آل محمد بیان کیا۔انہوں نے کہا کہ کائنات میں جتنے بھی واقعات ہوئے ان کا ذکر ان کے وقوع پذیر ہونے کے بعد ہوتا ہے جبکہ دو واقعات کا ذکر وقوع پذیر ہونے سے پہلے کائنات انسانی میں پھیلا دیا گیا تھا۔ایک حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا ذکر ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ابھی کائنات میں جلوہ گر نہ ہوئے تھے مگر سب کو خبر تھی کہ کوئی ہستی آنے والی ہے۔ہر نبی اور رسول خوشخبری سناتا رہا اور دوسرا واقعہ شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ ہے کہ امام عالی مقام ابھی مدینہ کی گلیوں میں کھیلتے تھے مگر سب کو خبر تھی کہ آپ کوکربلا میں شہید ہونا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے پیارے نواسے کو کندھوں پر سوار کر ا کے، اپنا لعاب دہن دے کرجوان کیااور میدان کربلا میں امام حسین رضی اللہ عنہ نے اپنے ناناکے دین کی لاج رکھ لی۔پروگرام کے اختتام پر لنگر محمد ی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تقسیم کیا گیا۔

رپورٹ: اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top