انڈیا کی سپریم کورٹ کا 'ووٹ کسی کیلئے نہیں' کا حکم پاکستانی الیکشن کمیشن کے منہ پر طمانچہ ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری

اب بھی کہتا ہوں الیکشن کمیشن آف پاکستان اور حالیہ انتخابات غیر آئینی ہیں
بھارت نے جمہوریت کی بہتری کیلئے ایک اور قدم اٹھا لیا، پاکستان میں جمہوریت کے ساتھ بد ترین مذاق کا سلسلہ جاری ہے
پاکستان میں غیر آئینی الیکشن کمیشن کو تحفظ دینے کا جرم مسلسل کیا جا رہا ہے
قائد پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا مجلس عاملہ سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے الیکشن کمیشن کو دئیے گئے اس حکم کہ وہ ووٹنگ مشین میں "ووٹ کسی کیلئے نہیں" کے بٹن کا اضافہ کرے کو پاکستانی الیکشن کمیشن کے منہ پر طمانچہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈین چیف جسٹس کے مطابق ووٹر کو طاقتور کرنا جمہوریت کا اہم ترین جزو ہے اور یہ اقدام آزادی اظہار رائے اور ووٹر کی حقیقی آزادی کو یقینی بنانے کیلئے ہے۔ اس اقدام سے سیاسی جماعتیں اچھے امیدوار سامنے لانے پر مجبور ہونگی۔ بھارتی سپریم کورٹ کے مطابق جمہوریت میں اس بات کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے کہ ووٹر کو تمام امیدواروں کو رد کرنے کا بھی اختیار دیا جائے۔ یہ اقدام سیاسی نظام کی صفائی اور جمہوریت کے استحکام کیلئے اہم ترین قرار دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان کا الیکشن کمیشن دھن، دھونس اوردھاندلی کا الیکشن کرانے میں تو کامیاب رہا مگر حقیقی جمہوریت کیلئے Vote for None سمیت پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے دی گئی دیگر تجاویز جن میں آرٹیکل 62، 63 اور 218 پر عمل درآمدتھا میں مکمل طور پر ناکام رہا۔ وہ پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی مجلس عاملہ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، بشارت عزیز جسپال، میاں زاہد جاوید، مشتاق نو ناری اور دیگر صوبائی قائدین بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اب بھی کہتا ہوں کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان غیر آئینی ہے اور پاکستان میں ہونے والے الیکشن بھی غیر آئینی تھے۔ پاکستان میں جمہوریت کے نام پر چند خاندانوں کی بادشاہت قائم ہے۔ پڑوسی ملک بھارت نے جمہوریت کی بہتری کیلئے ایک اور قدم اٹھا لیا ہے مگر پاکستان میں جمہوریت کے ساتھ بد ترین مذاق کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ انڈیا کی سپریم کورٹ جمہوریت کے استحکام کیلئے الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنے سمیت دیگر اقدامات میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کر رہی جس کے باعث انکے آئینی ادارے اور جمہوریت مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے مگر پاکستان میں غیر آئینی الیکشن کمیشن کو تحفظ دینے کا جرم مسلسل کیا جا رہا ہے جسکے باعث جمہوریت مذاق بنی ہوئی ہے۔ ملک عدم استحکام، بد ترین دہشت گردی اور لا قانونیت کی زد میں ہے جبکہ عوام بنیادی حقوق تک کو ترس گئے ہیں۔

جیو نیوز ٹکر

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top