برطانیہ: منہاج القرآن انٹرنیشنل برمنگھم کے زیر اہتمام قائد ڈے کی تقریب

برطانوی مسلمان کمیونٹی اخلاقی اقدار کو پروان چڑھانے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہی ہے، انسانیت کا احترام ہی تمام مذاہب کا سبق ہے جس پر عمل پیرا ہو کر معاشرتی خوبصورتی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار یورپی ممبر پارلیمنٹ فل بینن نے منہاج القرآن انٹرنیشنل برمنگھم کے زیر اہتمام بین المذاہب سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں علامہ اشفاق عالم قادری نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیئے جبکہ مرکزی جماعت اہلسنت برطانیہ و یورپ کے راہنماؤں پیر سید زاہد حسین رضوی، مفتی عبدالرسول منصور الازہری، علامہ احمد نثار بیگ، پیر لخت حسنین شاہ، مفتی فضل احمد قادری، کونسلر عنصر علی خان، مولانا بوستان قادری، مولانا سرفراز مدنی، سید علی عباس بخاری اور منہاج القرآن برطانیہ کے چیف اگنائزر ڈاکٹر رحیق عباسی سمیت کرسچن، ہندؤ، سکھ اور یہودی کمیونٹی کے راہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

ممبر یورپی پارلیمنٹ فل بینن کا کہنا تھا کہ اسلام ایک پر امن مذہب ہے جسے غلط طور پر دہشت گردی کے ساتھ نتھی کیا جا رہا ہے لیکن ڈاکٹر طاہر القادری جیسے اسلامک سکالرز نے جس اعلی طریقے سے تحریری اور تقریری طریقے سے مسلمانوں کی اکثریت کو مجرمانہ سرگرمیوں کے اقلیتی طبقے سے الگ کیا ہے اور اس کی کھل کرناصرف مذمت کی ہے بلکہ عملی طور پر اقدامات بھی کیے ہیں وہ قا بل تحسین ہے۔ سید زاہد حسین رضوی نے کہا دہشت گردی کے خلاف فتوی جیسی مدلل تصنیف نے نہ صرف غیر مسلموں کو اسلام کے پرامن پیغام سے آگاہ کیا ہے بلکہ مسلم نوجوان نسل کو بھی ایسا اسلحہ فراہم کیا ہے جس کے ذریعے وہ ہر علمی و عملی میدان میں اپنی اسلامی تعلیمات کا دفاع کر سکتے ہیں۔ علامہ احمد نثار بیگ نے کہا کہ برطانوی مسلمان معاشرے کا پرامن حصہ ہیں اور وہ ہر اس میدان میں عملی کردار ادا کریں گے جو بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانیت کے احترام کے لیے قائم کیا جائے گا پیر لخت حسنین شاہ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے برٹش مسلم نوجوانوں کو اسلامی و اخلاقی تعلیمات موجودہ دور کی ضروریات کے مطابق فراہم کر کے ایک عظیم ذمہ داری ادا کی ہے۔

مفتی فضل احمد قادری نے کہا کہ طاہر القادری بااثر علمی شخصیت ہیں جن کاعلم و عمل امت مسلمہ کے لیے رب کریم کی نعمت ہے، مولانا بوستان قادری نے کہا کہ ڈاکٹر قادری اورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے وطن عزیز میں کرپٹ اور نااہل حکمرانوں کے خلاف برسرپیکار ہیں اور دنیا بھر کے پاکستانی ان کے اس جہاد میں ان کے ہم سفر ہیں۔ روتھ جیکب، پی ٹی آئی کے پرویز زاہد، علامہ نیاز احمد صدیقی، کونسلر عنصر خان، مولانا سرفراز مدنی، سید علی عباس بخاری، علامہ اشفاق عالم قادری اور ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے بھی ڈاکٹر طاہر القادری کی امت مسلمہ کے لیے خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ سمیت دنیا بھر میں بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے ان کی علمی و تحقیقی خدمات نہ قابل بیان ہیں مغربی معاشرے اور میڈیا کو ڈاکٹر طاہر القادری کی تقریر و تصنیف کی بدولت دہشت گردی کے حوالے سے اسلامی نقطہ نظر سمجھنے میں مدد ملی ہے۔

رپورٹ: محمد آفتاب بیگ

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top