تقریب رونمائی عرفان التجوید

رپورٹ: ایم ایس پاکستانی

علم تجوید پر جامع اور مستند کتاب عرفان التجوید کی تقریبِ رُونمائی مؤرّخہ 6 جولائی 2006ء تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآّن حکیم سے ہوا اور بارگاہِ رِسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت حافظ محمد سعید رضا نے پیش کیے۔ نقابت کے فرائض تحریکِ منہاجُ القرآن کے مرکزی ناظمِ تربیت سید فرحت حسین شاہ نے سرانجام دیئے، جب کہ مرکزی امیر تحریک فیض الرحمٰن درانی اور ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے علم تجوید پر جامع اور مستند کتاب عرفان التجوید کو منظر عام پر لانے پر مبارک باد پیش کی، اور اپنی نوعیت کی منفرد و بے مثال تقریب کے اِنعقاد میں شامل ہونے کو اپنے لیے ایک سعادت قرار دیا۔

علم تجوید پر جامع اور مستند کتاب "عرفان التجوید" کے مصنف منہاج یونیورسٹی لاہور (پاکستان) اور جامعہ اسلامیہ بغداد (عراق) کے ہونہار نوجوان فاضل حافظ محمد سعید رضا بغدادی ہیں۔ مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی اور ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے "عرفان التجوید" کی باقاعدہ طور پر رونمائی کی۔ اس موقع پر سینئر نائب ناطم اعلیٰ کرنل (ر) محمد احمد، ناظم تربیت سید فرحت حسین شاہ، ناظم ابلاغیات حاجی منظور حسین مشہدی، ناظم علماء کونسل صاحبزادہ محمد حسین آزاد، ناظم دعوت رانا محمد ادریس، ناظم یوتھ ساجد محمود بھٹی اور دیگر مرکزی رہنما بھی موجود تھے۔

تقریب کے مہمان خصوصی صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی تھے، انہوں نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ فاضل نوجوان حافظ محمد سعید رضا بغدادی نے علم تجوید پر ایک آسان فہم، اور منفرد کتاب لکھی ہے۔ یہ علم التجوید پر لکھی گئی تمام کتب سے یکتا ہے۔ مصنف نے اس کتاب کے ذریعے بہت آسان انداز میں علم التجوید کو پیش کیا۔ جسے عام قاری صرف پڑھ کر ہی بخوبی سمجھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کتاب کی خاص بات اس کا سوالاً جواباً اسلوب ہے۔ جس نے اسکو مزید منفرد بنا دیا ہے۔ "عرفان التجوید" میں علم التجوید کو جس آسان انداز سے بیان کیا گیا ہے یہ یقیناً صرف حافظ محمد سعید رضا کی ہی خاصیت ہے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار بھی کیا کہ جس خوبصورت انداز سے اسے اردو میں مرتب کیا گیا ہے اسی طرح اسکا انگلش ایڈیشن بھی مرتب کیا جائے تاکہ تفہیم قرآن کا یہ مشن دنیا بھر میں پھیل سکے۔ یہ کتاب یقیناً قرآن پاک کو سمجھنے اور علم التجوید کو جاننے کیلئے ایک خزانہ ہے۔ اللہ اس فاضل نوجوان کے جذبہ ایمانی کو مزید پختہ کرکے انہیں داعّیِ قرآن بنائے (آمین)۔

تقریب میں حافظ محمد سعید رضا بغدادی نے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، کرنل (ر) محمد احمد، حاجی منظور حسین مشہدی، صاحبزادہ محمد حسین آزاد، رانا محمد ادریس اور ڈیزائنر الیاس احمد قادری کو اپنی کتاب بطور تحفہ بھی پیش کی۔ آخر میں حافظ محمد سعید رضا بغدادی نے اس کتاب کی اشاعت کے دوران خصوصی تعاون پر حاجی منظور حسین مشہدی، الیاس احمد قادری (ٹائٹل ڈیزائنر) ضیاءالحق رازی، محمد نواز قادری، اور دیگر افراد کا بطور خاص شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنی اس تالیف کو صاحب قرآن اور شیخ الاسلام کے نام کیا۔ حافظ سعید رضا کا کہنا ہے کہ انتہائی مختصر عرصہ میں "عرفان التجوید" کا شائع ہو کر منظر عام پر آ جانا ایک حیرت انگیز کام ہے جسمیں میرے معاون ساتھیوں کا خاص تعاون شامل ہے۔ اس سلسلہ کی دوسری اہم کتاب "عرفان القرآن کورس" بھی جلد منظر عام پر آ جائے گی جسمیں مکمل علم تجوید، قرآن پاک کا لفظی ترجمہ، تفسیر و اصول تفسیر عربی گرائمر اور قرآنی و نبوی دعائیں شامل ہونگی۔ اس پر وقار تقریب میں "عرفان القرآن کورس" کے طلباء و طالبات بھی موجود تھے۔ تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات سے ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top