منہاج القرآن کی 33 ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے گراؤنڈ میں ہو گی

70 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل، تیاریاں زور و شور سے شروع کر دی گئیں، تحریک منہاج القرآن
دنیائے اسلام کی سب سے بڑی میلاد کانفرنس کو کامیاب ترین کیلئے کارکن شب روز محنت کریں، خرم نواز گنڈاپور
اہل لاہور مبارکباد کے مستحق ہیں کہ وہ سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کے سب سے بڑے پروگرام کی میزبانی کرتے ہیں
ناظم اعلیٰ منہاج القرآن، سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس جواد حامد، نوراللہ صدیقی، ساجد بھٹی و دیگر رہنما ؤں کا مینار پاکستان گراؤنڈ کا دورہ


لاہور (10 نومبر 2016) تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام دنیائے اسلام کی سب سے بڑی عالمی میلاد کانفرنس ہر سال کی طرح اس سال بھی 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب مینار پاکستان گراؤنڈ میں ہو گی۔ عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن و سربراہ عالمی میلاد کانفرنس خرم نواز گنڈاپور، سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس 2016 ء جواد حامد، عوامی تحریک کے کوآرڈینیٹر ساجد محمود بھٹی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی و دیگر رہنماؤں نے مینار پاکستان گراؤنڈ کا دورہ کیا۔

سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس جواد حامد نے خرم نواز گنڈاپور اور دیگر مرکزی رہنماؤں کو مینار پاکستان پر منعقد ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں شروع کرنے اور انتظامات کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی، جس پر خرم نواز گنڈاپور نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید کچھ ضروری ہدایات دیں۔ جواد حامد نے خرم نواز گنڈاپور کو بتایا کہ تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام کانفرنس کے انتظامات اور تیاریوں کیلئے 70 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ اس برس بھی دنیا بھر سے مشائخ عظام اور علمائے کرام کی کثیر تعداد عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کرے گی۔ تیاریاں زور و شور سے شروع کر دی گئی ہیں۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد پر دنیائے اسلام کے سب سے بڑے اجتماع کو کامیاب ترین بنانے کیلئے کارکن دن کا چین اور راتوں کی نیند حرام کر لیں اور صرف شہر لاہور سے لاکھوں افراد مینار پاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں سرور کونین کے عشق کا پیغام عام کرنے میں مصروف ہے۔ مینار پاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس پوری دنیا میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلمکے میلاد کے حوالے سے اپنی منفرد پہچان بنا چکی ہے۔ تحریک منہاج القرآن، عوامی تحریک اور اہل لاہور مبارکباد کے مستحق ہیں کے سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا پروگرام لاہور میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کا ہی کرم ہے کہ دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں تحریک منہاج القرآن کے اسلامک سنٹرز عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام عام کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ اہل پاکستان خوش نصیب ہیں جو ہر سال عالم اسلام کی سب سے بڑی میلاد کانفرنس کے انعقاد کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔ خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن منانا ایمان کا تقاضا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے کارکن حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کی خوشی دیوانہ وار منائیں کیونکہ سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد کائنات کی سب سے بڑ ی نعمت ہے اور اس کی جتنی بھی خوشی منائی جائے کم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماہ ربیع الاول کی آمد آمد ہے یہ عظیم نعمت کا شکر بجالانے کا مہینہ ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے پیغام کو عام کرنے سے ہی دہشت گردی و انتہا پسندی ختم ہو سکتی ہے۔ مینار پاکستان کا وسیع گراؤنڈ 32 سالوں سے مسلمانوں کی اپنے نبی سے والہانہ محبت کا گواہ بنتا آرہا ہے۔ عالمی میلاد کانفرنس میں اندرون ملک و بیرون ملک سے مختلف مکاتب فکر کے علماء، مشائخ عظام، سیاسی، سماجی مذہبی اور مختلف مذاہب کے رہنماؤں کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top