اٹلی: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام کارپی میں میلاد مارچ اور محفلِ میلادالنبی (ص) کا انعقاد

روم: ​منہاج القرآن انٹرنیشنل کارپی کے زیراہتمام 11 دسمبر 2016 کو کارپی میں عظیم الشان میلاد مارچ اور محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔ میلاد مارچ کا آغاز لمدی ہال سے ہوا جس میں عورتوں، مردوں اور بچوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ مارچ میں شریک بچوں نے خوبصورت عربی لباس زیب تن کر رکھے تھے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ سلم پر درود و سلام کے نذرانے پیش کرتے رہے۔ شدید سردی کے باوجود مختلف مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کثیر تعداد نے مارچ میں شرکت کی۔ اطالوی میڈیا مارچ کی کوریج کرنے کے لئے بڑی تعداد میں موجود تھا۔ مارچ کے راستے میں علامہ وقار احمد قادری وقفے وقفے سے اپنے پرجوش خطابات کے ذریعے شرکائے مارچ کے دلوں کو گرماتے رہے، جبکہ نعت خوانوں کی ٹولیوں نے نعتوں کے نذرانے اور درود و سلام کے گجرے پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ میلاد پاک کا یہ عظیم الشان جلوس شہر کے مختلف راستوں سے ہوتا ہوا منہاج اسلامک سینٹر کارپی پہنچا۔

منہاج اسلامک سینٹر کارپی میں محفلِ میلاد کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ جس کے بعد منہاج القرآن انٹرنیشنل کی تاحیات رفاقت کرنے والے رفقاء میں اسناد اور اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

محفل سے خطاب کرتے ہوئے علامہ انوار المصطفٰی ہمدمی نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کو ہماری زندگیوں کا مقصد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنے بچوں کی شادی بیاہ اور سالگرہ کا اہتمام کرتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ رحمت اللعالمین کی ولادت کی خوشیوں کو سب پر فوقیت دیں اور خوب دھوم دھام سے میلاد پاک کو منائیں۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل جنوبی اٹلی کے صدر مختار احمد قادری نے تمام شرکاء او معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کارپی کے ناظم طیب ساجد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن کے نوجوانوں کا جینا مرنا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت، عشق اور ادب کے لیے ہے، ہم ہر سال ان شاءاللہ اسی طرح کارپی کی سڑکوں رسولِ امن صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن منائیں گے۔ میلاد مارچ اور محفلِ میلاد کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے پر انہوں نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کارپی کے جوانوں کو مبارکباد پیش کی۔ اختتام پر ضیافتِ میلاد تقسیم کی گئی اور علامہ محمد عتیق نے دعا کروائی۔

رپورٹ: حسن زمان

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

We Want to CHANGE the Worst System of Pakistan
Presentation MQI websites
Advertise Here
Top