تدریس کے 50 سال مکمل ہونے پر ڈاکٹر محمد افضل کانجو کے اعزاز میں گولڈن جوبلی ایوارڈ تقریب

50 سالہ تدریسی خدمات سرانجام دینے پر منہاج گرلز کالج کے سینئر فیکلٹی ممبر ڈاکٹر محمد افضل کانجو کے اعزاز میں گولڈن جوبلی ایوارڈ تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر منہاج گرلز کالج کی پرنسپل ڈاکٹر ثمر فاطمہ، ڈاکٹر سعد اللہ، ڈاکٹر غلام مصطفی اعوان، صوفی مشتاق احمد قادری، مفتی غلام حسن قادری، پروفیسر اشرف چوہدری اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز بھی مہمانوں میں شامل تھیں۔

منہاج گرلز کالج کے اساتذہ کرام اور طالبات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں ڈاکٹر محمد افضل کانجو کی شاگرد اور عملی زندگی میں مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والی خواتین اور منہاج گرلز کالج میں داخلہ لینے والی بی ایس آنرز کی طالبات نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادب کے بغیر علم نہیں آتا اور علم کے بغیر ادب نافع نہیں ہے۔ جہاں علم اور ادب اکٹھے ہو جائیں وہاں منزل مل جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ ادب تربیت اور خدمت انسانیت سے آتا ہے، جس طالبعلم کے دل میں استاد کا ادب اور احترام ہو گا وہ طالبعلم کبھی نامراد نہیں رہے گا، انہوں نے کہا کہ یہ معروف محاورہ ہم سب نے سن رکھا ہے ’’با ادب با نصیب۔ بے ادب بے نصیب‘‘ انہوں نے کہا کہ استاد مربی، شیخ ہوتا ہے، استاد پیغمبرانہ صفت کا آئینہ دار ہوتا ہے۔ آج بھی اخلاص کے ساتھ درس و تدریس کے فراءض انجام دینے والے استاد کی عزت ہے۔ جب استاد علم کو ذریعہ معاش بنا لیتا ہے تو طالبعلم بھی اسے فراموش کر دیتے ہیں۔ آج استاد اور طالبعلم دونوں کو اپنے مقام و مرتبہ کی شناخت کرنی ہے۔ استادنئی نسل کے اخلاق کی تعمیر کا ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن نے اسلاف کی قائم کی ہوئی استاد اور علم کے احترام کی روایات کو زندہ کیا ہے اور طلباء و طالبات کو محض ڈگری ا اور علم و تربیت کی اہمیت بتائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سینکڑوں طالبات ڈاکٹر محمد افضل کانجو کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے جمع ہیں تو یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ انہوں نے معلم کے پیغمبری پیشے سے انصاف کیا ہے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ استاد کا ادب کرنے والی قو میں آج حاکم ہیں۔ اسلامی ممالک میں جب تک علم اور استاد سے محبت کا کلچر عام تھا تب تک مسلمان دنیا کو تہذیب، شائستگی اور ٹیکنالوجی سکھاتے تھے۔

تقریب میں منہاج گرلز کالج کی پرنسپل ڈاکٹر ثمر فاطمہ، ڈاکٹر سعد اللہ، ڈاکٹر غلام مصطفی اعوان، صوفی مشتاق احمد قادری، مفتی غلام حسن قادری، پروفیسر اشرف چوہدری اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے بھی خطاب کیا اور ڈاکٹر محمد افضل کانجو کی بے مثال تدریسی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top