آئرلینڈ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام لمرک میں محفل میلاد کا انعقاد

لمرک (فرخ وسیم بٹ) منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیراہتمام منہاج القرآن آئرلینڈ کے مرکزی رہنما نعیم اشرف کی رہائشگاہ لمرک میں ایک پروقار اور روحانی محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن آئرلینڈ عہدیداران اور رفقاء و اراکین سمیت عشاقانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

محفل کا آغاز حافظ گل نواز نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ بارگاہِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کرنے والوں میں راجہ طاہرالقادری، عمران صدیقی اور تنویر احمد اعوان شامل تھے جبکہ ننھے ثناءخوانوں عبدالرافع، محمد داؤد، عبدالسلام اور عمرالقادری نے اپنے خوبصورت انداز اور آواز میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کر کے حاضرین سے خوب داد حاصل کی۔ فرخ سلیم بٹ نے نقابت کے فرائض انجام دیے۔

جامع مسجد لمرک کے امام و خطیب حافظ گل نواز اور منہاج القرآن آئرلینڈ کے سوشل میڈیا سیکریٹری فیاض احمد محفلِ میلاد کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایمان کی شرط اولین ہے جس کی تکمیل ذکر مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بغیر ممکن نہیں۔ جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانا نہ صرف مستحسن اور جائز عمل ہے بلکہ مادہ پرستی کے اس دور میں مسلمانوں کے دلوں میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فروغ دینے کا انتہائی موثر تیر بہدف نسخہ ہے جس کی آج امت مسلمہ کو ضرورت ہے۔ صدر منہاج القرآن آئرلینڈ وسیم بٹ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا قرآنی انسائیکلوپیڈیا کو متعارف کرواتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں اور بالخصوص آئرلینڈ میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے تحریکی رفقاء کے پاس اس کی کاپی ضرور خریدنی چاہیے۔

شرکاء نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ محفل کے اختتام پر امت مسلمہ اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ محفل میلاد کے میزبان اور منہاج القرآن آئرلینڈ کے مرکزی رہنما نعیم اشرف نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ حاضرین کی تواضع ضیافت میلاد سے کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top