گڑھاموڑ (وہاڑی): سوشل میڈیا ٹریننگ کیمپ برائے رضاکاران

پاکستان عوامی تحریک گڑھاموڑ (وہاڑی) کے زیراہتمام 8 فروری 2014ء کو رضاکاران کے لئے سوشل میڈیا ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں 60 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ کیمپ کے مقاصد میں سوشل میڈیا کا مثبت اور بہترین استعمال، سوشل میڈیا پر عملی کام کے دوران احتیاطی تدابیر سے آگاہی اور سوشل میڈیا کو مصطفوی انقلاب کے لئے بہتر طریقے سے استعمال کرنا شامل تھا۔

مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن سے ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین، سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر راشد شہزاد اور ممبر محمد یامین مصطفوی نے اس کیمپ میں شرکت کی۔ جبکہ ضلعی جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک وہاڑی محمد اقبال شاہ، صدر عوامی تحریک گڑھاموڑ عابد حسین جٹ، انفامیشن سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک وہاڑی راؤ منور، صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ گڑھا موڑ مہر سجاد حسین، صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ گڑھاموڑ معین الدین جٹ بھی اس ٹریننگ کیمپ میں شامل تھے۔

کیمپ کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا، جس کے بعد سوشل میڈیا کیمپ کے آرگنائزر عبدالخالق بھٹی نے مہمانان گرامی اور تمام شرکا کو خوش آمدید کہا۔

ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین نے سوشل میڈیا کا تفصیلی تعارف کرواتے ہوئے موجودہ دور میں اس کی ضرورت و اہمیت کو بیان کیا۔ سوشل میڈیا کیا ہے؟ اس کا استعمال کیوں کیا جائے؟ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اسے مصطفوی انقلاب کیلئے کیسے استعمال کیا جائے؟ یہ وہ نکات تھے جس پر انہوں نے شرکاء کو تفصیلی بریف کیا۔ انہوں نے کہا کہ اچھا کارکن ہمیشہ اپنے لیڈر کا آئینہ دار ہوتا ہے، لہٰذا سوشل میڈیا پر کام کے دوران ہمارا کردار ویسا ہی ہونا چاہیئے جس کی تعلیم ہمیشہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیں دی ہے۔ سوشل میڈیا پر کام کے دوران ہمارے ہر عمل سے یہ ثابت ہونا چاہیئے کہ ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تربیت یافتہ کارکن ہیں۔ انہوں نے کیمپ کے شرکاء کو سوشل میڈیا پر تحریک کے پیغام کو فروغ دینے کے لئے نہایت مفید ٹپس بھی دیں، وطن عزیز پاکستان میں رائج کرپٹ نظام کے خلاف آواز بلند کرنے اور پاکستان میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے دیا جانے والے ایک کروڑ نمازیوں کے ٹارگٹ کو مکمل کرنے کے لئے سوشل میڈیا کے بہتر استعمال کے حوالے سے ہدایات بھی دیں۔

مرکزی سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر راشد شہزاد نے ٹویٹر (Twitter) کے تفصیلی تعارف پر مبنی پریزنٹیشن دی اور اس کے بنیادی استعمال کا طریق کار بھی تفصیل سے بیان کیا۔ انہوں نے رضاکاران کو سوشل میڈیا پر کام کرنے کے نہایت مفید اور رہنما اصول بھی بتائے تاکہ ٹوٹر کی مدد سے موجودہ کرپٹ انتخابی و سیاسی نظام کے خلاف بیداری شعور کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام لاکھوں کروڑوں لوگوں تک عام کیا جا سکے۔

مرکزی سوشل میڈیا ممبر محمد یامین مصطفوی نے فیس بک کے بہتر استعمال کے حوالے سے پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے نوجوانوں کو سوشل میڈیا کی خرافات اور منفی پہلوؤں سے باخبر کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر سے بھی باخبر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نمازیوں کے ٹارگٹ کی طرف تیزی سے بڑھنے کیلئے سوشل میڈیا پر غیرسنجیدہ رویہ، غیراخلاقی پوسٹس، متنازعہ موضوعات اور وقت ضائع کرنے والی بحثوں سے بچنا مصطفوی کارکان کیلئے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی اہمیت کو پہچانتے ہوئے سوشل میڈیا پر جتنا وقت صرف کریں اسے بہترین مقاصد کے لئے استعمال کریں۔

ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین نے سوشل میڈیا کیمپ کو سمیٹتے ہوئے سوشل میڈیا کوآرڈنیشن پلان کے حوالے سے آخری پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے گڑھا موڑ کی مقامی تنظیم کو سوشل میڈیا کوآرڈینیٹرز کی تعیناتی کا پلان دیا اور کوآرڈینیٹرز کو ان کی ذمہ داریوں اور سوشل میڈیا ورکرز کی رجسٹریشن کا طریقہ کار سمجھایا۔

آخر پر منتظمین نے سوشل میڈیا کیمپ میں مرکزی ٹیم کی شرکت اور رضاکاران کو دی جانے والی ہدایات پر شکریہ ادا کیا۔ کیمپ کا اختتام دعائے خیر سے ہوا اور شرکاء کو ریفریشمنٹ کروائی گئی۔

کیمپ کے دیگر شرکا میں رانا عامرشہزاد، شفقت پھل، محمد شہزادبھٹی، رائے ریاض احمد کھرل، ریاض احمد جٹ، عامر شاہ اور محمد ایوب بھی شامل تھے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top