عظمت مصطفیٰ (ص) ریلی : گوجر خان

یوم عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر جمعہ 21 ستمبر دن 11 بجے تحریک منہاج القرآن تحصیل گوجرخان، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، منہاج القرآن یوتھ لیگ و دیگر فورمز کے زیراہتمام ایک عظیم الشان عظمت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں تحصیل بھر کے سینکڑوں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی۔ ریلی کا روٹ گلیانہ موڑ تا گوجرخان جی ٹی روڈ تھا۔ عظیم الشان ریلی کی صدارت امیر تحریک منہاج القرآن گوجرخان پیر سید صدیق حسین شاہ نے کی۔ نعروں کی گونج میں ریلی کا آغاز گلیانہ موڑ سے کیا گیا۔ بعد ازاں ریلی جی ٹی روڈ سے ہوتی ہوئی گوجرخان چوک میں پہنچی تو وہاں پر مقررین نے ریلی کے شرکاء سے خصوصی خطابات کئے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد واجد مصطفوی، سابق تحصیل ناظم چوہدری محمد عظیم، انجمن امامیہ اثناء عشریہ کے رہنما راجہ محسن صغیر بھٹی، انجمن تاجران گوجرخان کے صدر حاجی محمد اقبال، پاکستان عوامی تحریک کے صدر قاضی شاہد مسعود ایڈووکیٹ، حافظ محمد اسلام چشتی اور قاری بشیر الدین قادری نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے ہے۔ ہم کٹ جائیں گے، مرجائیں گے لیکن نامو س رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ ریلی میں خصوصی طور پر شرکت تحریک منہاج القرآن کی تمام یونین کونسلز کے اراکین، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، انجمن تاجراں گوجرخان، انجمن تاجراں شاپنگ سنٹر، انجمن تاجراں ریلوے روڈ کے کارکنان اور کثیر تعداد میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کی۔ تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے تحریک منہاج القرآن کو پراُمن اور منظم ریلی کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔

آخر میں صدر تحریک منہاج القرآن گوجرخان ڈاکٹر محمد واجد مصطفوی نے تمام عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ریلی میں بھرپور شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ درود و سلام اور دعا کے ساتھ اس ریلی کا اختتام ہوا۔

رپورٹ : عبدالستار نیازی
(ناظم میڈیا تحریک منہاج القرآن، تحصیل گوجرخان)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top