عظمت مصطفیٰ (ص) ریلی (لاہور) میں دیگر مذاہب کے راہنماؤں کی شرکت

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام توہین آمیز فلم کے خلاف پاکستان بھر میں ہونے والی احتجاجی ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلہ میں گذشتہ روز ریلوے اسٹیشن تا جی پی او چوک تک ریلی نکالی گئی، جس میں ہزاروں مرد و خواتین نے بچوں سمیت پر جوش شرکت کی، اور اپنے آقا و مولا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اظہار وفاداری کا ثبوت دیا۔

اس ریلی میں منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا کی دعوت پر دیگر مذاہب کے رہنماؤں نے مسیحی رومن کیتھولک چرچ آف پاکستان سے فادر جیمز چنن ڈائریکٹر پیس سنٹر لاہور کی قیادت میں شرکت کی، ان کے علاوہ پروٹسٹنٹ نولکھا چرچ کے پاسٹر انچارج ڈاکٹر مجید ایبل، سینٹ اینڈریوز پریسٹیرین چرچ کے پاسٹر حنوک حق، ہندو بالمیک مندر کے راہنما پنڈت بھگت لال، شری کرشنا مندر کے پنڈت کاشی رام، گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور کے سکھ راہنما ہیڈگرنتھی گیانی سردار رنجیت سنگھ اور یوآرآئی انٹرنیشنل کے ایگزیکٹیو سیکرٹری ڈاکٹر یوئیل بھٹی نے بھی اپنے اپنے وفد کے ہمراہ شرکت کی۔

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین نے دیگر مذاہب سے ریلی میں شریک ہونے والے وفود کا تہہ دل سے خیر مقدم کیا۔ دیگر مذاہب کے راہنماؤں نے بھی مسلمانوں کے ساتھ مل کر تحفظ ناموس انبیاء علیہم السلام کے حق میں نعرے بلند کیے، اور انبیاء علیہم السلام کی عزت و ناموس کے خلاف بنائی جانے والی توہین آمیز فلموں کی پرزور مزمت کی۔ ریلی کے اختتام پر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا ڈائریکٹر منہاج القرآن نے امن عالم کے لیے کی جانے والی تحریک منہاج القرآن کی ان کاوشوں میں دیگر مذاہب کے راہنماؤں کو شریک ہونے پر نہایت خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

تفصیلی رپورٹ کے لیے یہاں کلک کریں
عظمت مصطفیٰ (ص) ریلی : لاہور

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top