عظمت مصطفیٰ (ص) کانفرنس: پتوکی

تحریک منہاج القرآن تحصیل پتوکی کے زیراہتمام 21 ستمبر بروز جمعۃالمبارک بوقت 8:30 بجے صبح بمقام انمول شادی ہال ریلوے پھاٹک پتوکی میں امریکہ میں بنائی گئی گستاخانہ فلم کے خلاف عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کاانعقاد کیاگیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن حکیم سے کیا گیا جس کے بعد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیۂ عقیدت پیش کیاگیا۔

اس موقع پر منہاج علماء کونسل تحصیل پتوکی کے صدر حضرت علامہ مولانا محمد بخش فریدی نے عشق مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے قرآن واحادیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آقا علیہ السلام کی ذات مسلمانوں کیلئے سب سے مقدس ذات ہے اور حضور علیہ السلام کی ناموس پر ہونے والے کسی بھی قسم کے حملے کو مسلمانان ملت ہرگز برداشت نہیں کریں گے، ہم اپنی جانوں کو آقا علیہ السلام کی ذات بابرکت پر نچھاور کر دیں گے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ کی حکومت سے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کروائے اور اس فلم کے بنانے والوں کو قرار واقع سزادی جائے۔ انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تجویز کی بھرپور تائیدکی کہ تمام مسلم ممالک اقوام متحدہ میں اہانت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور تحفظ ناموس رسالت کے لئے ایک قرارداد پیش کریں اوراگر اس کے حق میں اقوام متحدہ میں اگر کوئی قانون نہیں بنایا جاتا تو تمام مسلم ممالک یو این او کا بائیکاٹ کردیں۔

محمد ندیم مصطفائی صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل پتوکی اور پروفیسر محمد اکرم جاوید مرکزی رہنما جمعیت علماء پاکستان نے بھی اس عظیم الشان کانفرنس سے خطاب کیا۔

پروگرام میں تحریک منہاج القرآن کے تمام فورمز (منہاج القرآن یوتھ لیگ، منہاج القرآن ویمن لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ) کے عہدیداران اور اراکین نے شرکت کی، اسکے علاوہ اہل علاقہ کے ممتاز علماء کرام اور سیاسی وسماجی شخصیات نے خصوصی طور پرشرکت کی۔ پنڈال حاضرین کی کثیر تعدادکی وجہ سے مکمل طور پر بھرا ہوا تھا۔ پروگرام کے آخر میں حافظ حسن سردار ناظم دعوت تحصیل پتوکی نے خصوصی دعا کی۔

جمعہ کی نماز کے بعد پتوکی شہر کی تمام جماعتوں کی طرف سے احتجاجی ریلی کا انعقاد کیاگیا جس میں تحریک منہاج القرآن تحصیل پتوکی کی تنظیم نے علامہ محمد بخش فریدی کی قیادت میں اسماعیل ٹاؤن کی جامعہ انوار رضا سے کچہری چوک پتوکی تک ریلی نکالی۔ شرکاء ریلی نے اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کارڈ اپنے ہاتھوں میں اُٹھائے ہوئے تھے۔ ریلی میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے خطابات کیے۔ آخرمیں درود وسلام کے ساتھ اس پرامن ریلی کا اختتام ہوا۔

رپورٹ: تنویرحسین منا

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top