عظمت مصطفیٰ (ص) ریلی : ڈسکہ

تحریک منہاج القرآن تحصیل ڈسکہ کے زیراہتمام گستاخانہ فلم بنانے کے خلاف ایک عظیم الشان عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت حاجی محمد سلیم سلہری، اللہ رکھا قادری، صفدر علی بٹ، حافظ جاوید سعید، عبد الستار انجم، محمد فاروق بٹ، میاں محبوب احمد اور چوہدری عباس گھمن نے کی۔ جبکہ تحریک منہاج القرآن ڈسکہ، منہاج القرآن علماء کونسل، منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سمیت تحصیل بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے اپنے آقا و مولا حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اظہار وفاداری کا ثبوت دیا۔

ریلی کا آغاز 8 نمبر چونگی ڈسکہ سے کیا گیا۔ ریلی میں ہزاروں عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی اور نعروں سے اپنے جذبات کا خوب اظہار کیا۔ تحریک منہاج القرآن ڈسکہ کے زیراہتمام ہونے والی اس پرامن ریلی نے لوگوں کو احتجاج کرنے کا صیح طریقہ بتایا، ریلی کے دوران سڑکوں پر لگائے گئے پودوں کا ایک پتہ بھی نئی توڑا گیا، ریلی کے اس انداز کو شہریوں نے خوب سراہا۔ شرکاء ریلی پر جگہ جگہ لوگ پھول کی پتیاں نچھاور کر تے رہے، ریلی کے دوران محمد اسلم قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے، اور بدبخت لوگوں نے اس نبی رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کی ہے۔ حضور نبی رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان کے خلاف توہین آمیز فلم سامراج کی ایک گھناؤنی سازش ہے، جس سے عالم اسلام کو نہ صرف خانہ جنگی کی طرف دھکیلنا مقصود ہے بلکہ عالمی امن کو بھی تباہ و برباد کرنے کی ناپاک جسارت ہے، انہوں نے کہا کہ توہین آمیز فلم بنانے والے عالم امن کے دشمن اور عصر حاضر کے دہشت گرد ہیں۔

تحریک منہاج القرآن ڈسکہ کے زیراہتمام نکالی جانے والی اس ریلی میں دھدو بسراء سے منہاج القرآن کے کارکنوں کا قافلہ تاجدارِکائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی محبت کا والہانہ انداز اظہار کرتا ہوا سینکڑوں کی تعداد میں نوجوانوں، بچوں اور بوڑھوں سمیت 15 کلومیٹر پیدل چل کر عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی میں شریک ہوا۔ تمام راستے میں عظمت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بینر اٹھائے ہوئے، نعروں کی گونج میں سفر طے کرتے ہوئے ڈسکہ پہنچے جہاں تمام عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا بھرپور استقبال کیا گیا۔ دھدو بسراء سے آنے والے تمام شرکاء کے جذبوں کا ڈسکہ شہر کی عوام نے سلام پیش کیا اور کہا کہ جب تک حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ایسے عاشق زندہ ہیں کوئی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عزت اور حرمت کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ شرکاء ریلی کے لیے راستے میں جگہ جگہ پانی کی سبیلیں بھی لگائی گئیں تھیں۔

انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے میڈیا کے ذریعے پوری مغربی دنیا کو کہا کہ اسلام کو دہشت گرد کہنے والو دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد عالمی امن کو برباد کرنے والے اور انبیاء علیہم السلام کے خلاف توہین آمیز فلم بنانے والے ہیں جنہوں نے پوری دنیا کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ ریلی کے اختتام پر فوارہ چوک ڈسکہ میں شرکاء ریلی کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا اے آر وائی کو دیا گیا حالیہ انٹرویو بھی سنایا گیا۔

رپورٹ:ہمایوں قادری

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top