عظمت مصطفیٰ (ص) ریلی : بہاولپور

تحریک منہاج القرآن بہاولپور کا شاندار عظمتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی میں ہزاروں مرد و خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ سرکلر روڈ کی فضائیں عشقِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ترانوں سے گونج اٹھیں، شرکاء نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے، جن پر گستاخانِ رسول کے خلاف تحریریں اور آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت کے نعرے درج تھے۔ عظمت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی کا آغاز فوارہ چوک سے ہوا، جبکہ اختتام فرید گیٹ پر ہوا۔

عظمت مصطفیٰ (ص) ریلی سے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (MSM) کے سابق مرکزی صدر امجد حسین جٹ، چوہدری قمر عباس، صاحبزادہ احمد حسن فاروقی، سٹوڈنٹس اوئیرنیس سوسائٹی جنوبی پنجاب کے کوآرڈینیٹر محمد صدیق جان، پا کستان عوامی تحریک کے نشاط باجوہ، منہاج القرآن لودہراں کے صدر محمد حماد اسلم، منہاج القرآن بہاولپور کے ضلعی کوآرڈینیٹر سہیل کامران ایڈوکیٹ، تحریک منہاج القرآن تحصیل بہاولپور کے صدر محمد حامد سعیدی، منہاج القرآن بہاولپور کے ناظم محمد شفیق مہروی، شاہد ببر، چوہدری اسرار ایڈوکیٹ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

منہاج القرآن کے رہنماؤں اور دیگر مقررین نے توہین آمیز فلم کے خلاف زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ آزادی رائے کی چھتری تلے ایسے گھناؤنے جرائم کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی۔ انبیاء کرام، مقدس ہستیوں او ر مذاہب کا احترام عالمی ضابطہ ہے، اس کو یقینی بنانا ہر ملک کی ذمہ داری ہے۔ کسی فرد، ادارے یا ملک کو اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اربوں انسانوں کی دل آزاری کا باعث بنے۔ امت مسلمہ کے حکمران OIC کا ہنگامی اجلاس بلا کر امریکہ کو مجبور کریں کہ اس ناپاک فلم پر فوری طور پر پابندی لگائے۔ صدر پاکستان، وزیراعظم، اپوزیشن رہنماء اور اراکین پارلیمنٹ جو عوام کی نمائندگی کے دعویدار ہیں کو 18 کروڑ عوام کی درست انداز میں ترجمانی کرنا چاہیے۔ حکومت پاکستان امریکی سفیر کو فوری طور پر دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرائے اور اس فلم پر پابندی اور اسے تلف کرنے کا مطالبہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی فلمیں اور مواد ریلیز اور شائع کرنے کے حوالے سے مزید سخت قوانین بنانے کی بھی شدید ضرورت ہے تا کہ اظہار رائے کے نام پر ایسے مذموم اقدامات کا دروازہ ہمیشہ کیلئے بند ہو سکے۔ اس مذموم فعل کی مسلمانوں کو تشویش ہے اور پوری دنیا کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ عالم اسلام کا اس واقع پر خون کھول رہا ہے اگر ایسے واقعات پر قابو نہ پایا گیا اور اس کا فوری تدارک نہ ہوا تو دنیا ہولناک خطرات سے دوچار ہو سکتی ہے، ایسے مذموم فعل سے انتہا پسندی میں شدت آئے گی اور بین المذاہب ٹکراؤ کا خطرہ بڑھے گا۔ اس لیے آنے والے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے عالمی برادری کو اس اہم اور حساس مسئلے کی طرف سنجیدگی سے توجہ دینا ہوگی۔ بین الاقوامی سطح پر اس حوالے سے فوری قانون سازی ہونی چاہیے تاکہ انبیاء کرام اور الوہی کتابوں کا تقدس پامال کرنے کی کوئی جراءت نہ کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ انبیاء کرام، مقدس ہستیوں اور مذاہب کا احترام عالمی ضابطہ ہے اس کو یقینی بنانا ہر ملک کی ذمہ داری ہے۔ عظمتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی میں منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج القرآن علماء کونسل، منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (MSM) اور پا کستان عوامی تحریک کے ذمہ داران و کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top