نشتر ٹاؤن لاہور : یوم عظمت مصطفیٰ (ص)
مورخہ 05 اکتوبر 2012ء کو تحریک منہاج القرآن نشتر ٹاؤن ڈی لاہور کے زیراہتمام عظیم الشان عظمت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علاقے بھر سے منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے عہدیداران اور کارکنان سمیت اہلیان علاقہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت ناظم تحریک منہاج القرآن لاہور حفیظ اللہ جاوید، نائب ناظم تربیت علامہ غلام ربانی تیمور، صدر تحریک منہاج القرآن نشتر ٹاؤن ڈی کیپٹن غلام حسن قادری، صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ لاہور چوہدری علی حسن، صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ نشتر ٹاؤن ڈی سہیل انجم، ناظم یوسی 139 سید لیاقت حسین شاہ اور ممبر یوتھ کیبنٹ لاہور سید اقتدار حسین شاہ نے کی۔
ریلی کا آغاز گیارہ بجے دن باگڑیاں چوک سے ہوا، ریلی کے شرکاء نے عظمت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پرچار کے لیے اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بینرز، پوسٹرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔ ریلی نشتر ٹاؤن کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی عمر چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس ریلی کا مقصد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں بنائی جانے والی توہین آمیز فلم کے خلاف پرامن احتجاج کرنا تھا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ غلام تیمور ربانی نے توہین آمیز فلم کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تجویز کی بھرپور تائید کی کہ تمام مسلم ممالک اقوام متحدہ میں اہانت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور تحفظ ناموس رسالت کے لئے ایک قرارداد پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر اس حوالے سے فوری قانون سازی ہونی چاہیے تاکہ انبیاء کرام اور الوہی کتابوں کا تقدس پامال کرنے کی کوئی جراءت نہ کر سکے۔ انبیاء کرام، مقدس ہستیوں اور مذاہب کا احترام عالمی ضابطہ ہے، اس کو یقینی بنانا ہر ملک کی ذمہ داری ہے۔ کسی فرد ادارے یا ملک کو اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اربوں انسانوں کی دل آزاری کا باعث بنے۔ امت مسلمہ کے حکمران OIC کا ہنگامی اجلاس بلا کر امریکہ کو مجبور کریں کہ اس ناپاک فلم پر فوری طور پر پابندی لگائے تا کہ اظہار رائے کے نام پر ایسے مذموم اقدامات کا دروازہ ہمیشہ کیلئے بند ہو سکے۔
تبصرہ