سیالکوٹ : عظمت مصطفیٰ (ص) کانفرنس

مورخہ 09 اکتوبر 2012ء کو صاحب میرج ہال میں تحریک منہاج القرآن سیالکوٹ کے زیراہتمام توہین آمیز فلم کے خلاف عظیم الشان عظمت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں خصوصی شرکت مرکزی نائب ناظم دعوت علامہ حافظ سعید الحسن طاہر اور دیگر نامور معزز مہمانِ گرامی نے کی، اس کے علاوہ تحریک منہاج القرآن سیالکوٹ، منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے عہدیداران و کارکنان سمیت شہر اقبال کے غیور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اور اپنے آقا و مولا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اظہار وفاداری کا ثبوت دیا۔

شاگرد رشید شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری علامہ سعید الحسن طاہر نے توہین آمیز فلم کے خلاف پُرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا فعل کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ آزادی رائے کی چھتری تلے ایسے گھناؤنے جرائم کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی۔ انبیاء کرام، مقدس ہستیوں او ر مذاہب کا احترام عالمی ضابطہ ہے، اس کو یقینی بنانا ہر ملک کی ذمہ داری ہے۔ کسی فرد، ادارے یا ملک کو اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اربوں انسانوں کی دل آزاری کا باعث بنے۔ امت مسلمہ کے حکمران OIC کا ہنگامی اجلاس بلا کر امریکہ کو مجبور کریں کہ اس ناپاک فلم پر فوری طور پر پابندی لگائے۔ صدر پاکستان، وزیراعظم، اپوزیشن رہنماء اور اراکین پارلیمنٹ جو عوام کی نمائندگی کے دعویدار ہیں کو 18 کروڑ عوام کی درست انداز میں ترجمانی کرنا چاہیے۔ حکومت پاکستان امریکی سفیر کو فوری طور پر دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرائے اور اس فلم پر پابندی اور اسے تلف کرنے کا مطالبہ کرے۔

انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عالمی سطح پر خدمات پر روشنی ڈالی اور ان کے مجددانہ کام کا تعارف پیش کرتے ہوئے شرکاء کو بتایا کہ شیخ الاسلام ناصرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر امت مسلمہ کے پیغام امن و محبت کو عام کرنے کے لیے شب و روز مصروف عمل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ، خود کشیوں، لوٹ مار، کرپشن اور بے راہ روی کے خاتمہ کے لیے موجودہ انتخابی سسٹم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا جس کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستانی قوم کو ایک نوید سحر دی ہے۔ وہ بہت جلد پاکستان تشریف لا رہے ہیں اور ان شاءاللہ پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہو تو وہ وقت دور نہیں جب ظلمتوں کے اندھیرے چھٹ جائیں گے اور یہ قوم وہی پاکستان دیکھے گی جس کا خواب علامہ اقبال، قائد اعظم اور ان لاکھوں لوگوں نے دیکھا تھا جنہوں نے پاکستان کے لیے قربانیاں دیں۔

تقریب کے اختتام پر صدر تحریک منہاج القرآن سیالکوٹ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top