وادی رڑکن، بلوچستان : عظمت مصطفیٰ (ص) ریلی

مورخہ 23 ستمبر 2012ء کو وادی رڑکن اور بارکھان (بلوچستان) میں توہین آمیز فلم کے خلاف تحریک منہاج القرآن بلوچستان کے زیراہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جس میں وادری رڑکن، بارکھان اور پہاڑی محلہ سے تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے قائدین و کارکنان سمیت علاقے بھر سے لوگوں نے کی۔ ریلی میں شریک افراد نے کتبے اٹھا رکھے تھے، جن پر توہین آمیز فلم، اور عالمی امن کے علمبردار اداروں کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء ریلی نے اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پوسٹرز بھی اٹھائے ہوئے تھے۔ ریلی میں شریک افراد نے محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درودوسلام پڑھ کر پوری دنیا کو ان سے وفا داری کا بھرپور پیغام دیا۔ ریلی میں شریک افراد اور چھوٹے بچوں نے احتجاجی طور پر کفن نما کپڑے پہن رکھے تھے جن پر حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اظہار محبت کے مختلف اشعار درج تھے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد عنایت اللہ قادری اور دیگر علماء کرام نے کہا کہ توہین آمیز فلم مذموم عمل ہے ۔ بین الاقوامی سطح پر اس حوالے سے فوری قانون سازی ہونی چاہیے تاکہ انبیاء کرام اور الوہی کتابوں کا تقدس پامال کرنے کی کوئی جراءت نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ انبیاء کرام، مقدس ہستیوں اور مذاہب کا احترام عالمی ضابطہ ہے، اس کو یقینی بنانا ہر ملک کی ذمہ داری ہے۔ کسی فرد ادارے یا ملک کو اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اربوں انسانوں کی دل آزاری کا باعث بنے۔ امت مسلمہ کے حکمران OIC کا ہنگامی اجلاس بلا کر امریکہ کو مجبور کریں کہ اس ناپاک فلم پر فوری طور پر پابندی لگائے۔ صدر پاکستان ، وزیراعظم، اپوزیشن رہنماء اور اراکین پارلیمنٹ جو عوام کی نمائندگی کے دعویدار ہیں کو 18 کروڑ عوام کی درست انداز میں ترجمانی کرنی چاہیے۔ حکومت پاکستان امریکی سفیر کو فوری طور پر دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرائے اور اس فلم پر پابندی اور اسے تلف کرنے کا مطالبہ کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top