لودہراں: تحریک منہاج القرآن کی جشن میلاد النبی (ص) کے سلسلہ میں موٹر سائیکل ریلی
تحریک منہاج القرآن لودہراں کے زیراہتمام جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ میں موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت تحریک منہاج القرآن لودہراں کے سرپرست پیر سید فضل حسین شاہ کے صاحبزادے سید شفیق شاہ، نائب سرپرست چوہدری عبد الغفار سنبل، ضلعی امیر راؤ محمد اسحاق خان، صدر رانا اشرف علی خان، ناظم ملک محمد اسلم حماد، پاکستان عوامی تحریک لودہراں کے صدر ظفر آفتاب بھٹی اور دیگر عہدیداران نے کی۔ ریلی دفتر تحریک منہاج القرآن سے اڈا پرمٹ پہنچی تو سینکڑوں افراد نے شاندار استقبال کرتے ہوئے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
اس موقع پر مقامی علماء کرام، سماجی اور فلاحی تنظیموں کے عہدیداران نے خطاب کر کے شرکاء کو میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اہمیت وفضیلت پر مدلل معلومات فراہم کیں۔ ریلی اپنے مخصوص راستوں پپلی والا، پیر والاپھاٹک، واپڈا کالونی حسن والا لودہراں شہر اور میلاد چوک (سپر چوک) سے ہوتی ہوئی غوثیہ چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ کئی کلو میٹر پر پھیلی موٹر سائیکل ریلی کے شرکاء پرامن رہتے ہوئے اپنے آقا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کے حوالے سے درود وسلام اور نعتیں پڑھتے رہے۔ موٹر سائیکل ریلی میں حویلی نصیر خان، گوگڑاں، ڈیرہ جنڈ، دھنوٹ، پل بہشتی، حسین آباد، سوئی والا، کلو والا، واہی سلامت رائے اور دیگر یونین کونسلوں سے سینکڑوں کی تعداد میں عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کر کے نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنا قلبی اور عشقی تعلق کا ثبوت فراہم کیا۔ آخر میں صدر تحریک منہاج القرآن لودہراں رانا اشرف علی خان اور پیرحبیب اللہ سراجی نے دعا کی۔
تبصرہ