خصوصی ہدایات برائے ماہ ربیع الاول سال 2007ء

مورخہ: 15 مارچ 2007ء
میلاد کے مسرتوں اور رحمتوں بھرے مہینے کی آمد آمد ہے۔ یہ ماہ باعث تخلیق کائنات، فخر موجودات، آقاءِ دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کا مہینہ ہے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت سے کائنات کو وجود ملا، اظہار ذات حق ممکن ہوا۔ خدا کی خدائی آشکار ہوئی، بے کسوں اور غریبوں کی چارہ جوئی ہو ئی۔ آج مشعل راہ اور رشد و ہدایت کا چراغ صرف ذات مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل ہی روشن ہے ہر دل اور ہر روح عقیدت و احترام کے ساتھ درود وسلام کے گجرے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کرتی ہے۔

تحریک منہاج القرآن فروغ عشقِ رسول اور اقامتِ دین مصطفوی کی تحریک ہے۔ اس نے اپنے پیارے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے امتیوں کے دکھوں کے مداوا، احیائے اسلام، تجدید دین اور انسانیت کی فلاح کے لیے ایک منظم جدوجہد کا آغاز کیا ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی تحریک نے میلاد مہم کو بھر پور طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سال میلاد مہم روائتی انداز میں نہیں چلائی جائے گی ہمیں اس کے لیے خصوصی کاوش کرنا ہوگی۔ چند ضروری معلومات اور ہدایات آپ کو دی جا رہی ہیں تاکہ کام میں آسانی ہو۔ اس مہم میں انفرادی سے اجتماعی اور ذیلی، سطح تک ذمہ داریاں اور امور بیان کر دیئے گئے ہیں تاکہ ایک منظم جدوجہد کی جاسکے۔

میلاد مہم کا دورانیہ :

اس سال میلاد مہم یکم مارچ سے 30 اپریل تک دوماہ کے لیے چلائی جائے گی۔

رفاقت سازی :

ایسے ہی متلاشیان حق جنہوں نے Qtv پر حضور شیخ الاسلام کے خطابات سنے اور ان پر حقیقت آشکار ہوئی کہ مایوسی کی ضرورت نہیں کوئی مردِ قلندر ہے جو اس امت کی کشتی کو آج بھی کنارے لگا سکتا ہے۔ اس سال تحریک منہاج القرآن نے میلاد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر امتِ مصطفوی کو ایک جگہ جمع کرنے اور ان کی پریشانیوں کے ازالہ کے لیے گنبدِ خضریٰ کی جانب لے جانے کے لیے "عوامی ممبر شپ مہم" کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ اسکے تحت ملک بھر میں تنظیمات کو ایک لاکھ دعوتی کا رڈ اور ممبر شپ فارم دئیے جائیں گے اور اس کے ذریعے یکم مارچ تا 30 اپریل (دوماہ میں) 10000 (دس ہزار) نئے لوگوں کا رفیق اور 2000 (دو ہزار) لوگوں کو تاحیات رفیق بنایا جائے گا۔ آپ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ آپ اس "عوامی ممبرشپ مہم" کی کامیابی کے لیے فوری اجلاس بلائیں اور کام کو انفرادی سطح پر تقسیم کر یں۔

مرکزی کمیٹی :

کام کی نگرانی اور احسن طریقہ سے مختلف امور کی انجام دہی کے لیے میلاد مہم کی مرکزی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ مہم کے سلسلہ میں آپ کو کسی قسم کی راہنمائی اور معلومات درکار ہوں تو آپ ان ذمہ داران سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

محترم شیخ زاہد فیاض (سربراہ )، محترم ساجد محمود بھٹی (سیکرٹری)، محترم احمد نواز انجم (ممبر۔ تنظیمی رابطہ)، محترمہ فرح ناز (ممبر۔ برائے خواتین)

استقبال ربیع الاول :

ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے بعد دو رکعت نماز نوافل شکرانہ ادا کریں۔

  • مرکز اور تمام تحصیلی ہیڈ کواٹرز پر مشعل بردار جلوس کا انعقاد کر کے اس مبارک ماہ کا استقبال کیا جائے گا۔

اجتماعی تنظیمی پروگرامز :

میلاد مہم کے لٹریچر، دعوتی کارڈ اور ممبر شپ فارمز کو عوام میں تقسیم کیا جائے گا۔

  • تنظیمات اور وابستگان تحریک روزانہ حلقہ ہائے درود وسلام اور نعت کا اہتمام کریں، یونین کونسل کے ناظمین ان محافل کے نگران ہوں گے، ان پروگرامز میں مرکزی محفل میلاد (مینار پاکستان) میں شرکت کی بھر پور دعوت دی جائے۔
  • کیبل پر چلانے کے لئے خصوصی پیغامات، حضور شیخ الاسلام کے خطابات اور مقامی کیبل نیٹ ورک پر چلانے کے لئے مرکزی محفل میلاد کی تشہیری سی ڈی اور حضور شیخ الاسلام کے منتخب خطابات کی سی ڈیز تیار کی گئی ہیں۔ ان سی ڈیز کے حصول کے لئے جلد از جلد مرکز رابطہ کریں۔
  • اس سال ان شاء اللہ عالمی میلاد کانفرنس کے موقع پر 10 ہزار نئے افراد تحریک منہاج القرآن میں شمولیت کا اعلان کریں گے اس سلسلہ میں ایک لاکھ کارڈ پرنٹ کروا کے یکم مارچ سے مختلف تنظیمات اور فورمز کو دئیے جائیں گے جس میں نہ صرف میلاد کانفرنس کا دعوتی کارڈ ہو گا بلکہ ساتھ ہی ساتھ کارڈ کی عبارت میں تحریک میں شمولیت اور ایک عدد رفاقت فارم بھی لفافہ کے اندر ہو گا۔ اس مہم میں 2000 نئے لائف ممبرز کا ٹارگٹ بھی پورا کیا جائے گا اور جملہ نئے لائف ممبرز کو ضیافت کے موقع پر ایک کھانا حضور شیخ الاسلام کے ساتھ دیا جائے گا۔
  • دیگر کتب کے علاوہ حضور شیخ الاسلام کی کتاب سیرۃ الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور منہاج السوی کی بھرپور تشہیر کی جائے۔
  • بارہ روز تک تحصیل سطح پر مشعل بردار جلوس کا اہتمام کریں اور جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ماحول پیدا کریں۔
  • تحصیل سطح پر ہونے والے دروس قرآن میں بعثت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عنوان سے دروس قرآن کا اہتمام کیا جائے۔
  • ہر تحصیلی تنظیم حضور شیخ الاسلام کی کتب و کیسٹس اور سی ڈیز دعوتی پیکج تحائف کی صورت میں مذہبی، سیاسی اور سماجی دانشور شخصیات کو دیں۔
  • بینرز کے ذریعے مقامی سطح پر امت مسلمہ کو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی مبارکباد دی جائے اور فروغ عشقِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اجاگر کیا جائے۔
  • علاقے کی معزز، موثر شخصیات کو مرکزی محفل میلاد میں شرکت کی خصوصی دعوت دی جائے۔
  • تنظیمات، مقررین کی ڈیمانڈ نظامت دعوت سے کریں۔
  • مرکزی سطح پر قائم ہونے والے گوشہء درود کو مقامی محافل میں بھر پور متعارف کروایا جائے۔
  • تمام شہروں میں تنظیمات کو مینار پاکستان کی کانفرنس کے بعد اپنے اپنے علاقوں میں محافل کے لئے پابند کیا جائے۔
  • حضور شیخ الاسلام کے Qtv پر چلنے والے خطابات کو پورا مہینہ اجتماعی طور پر بازاروں اور گھروں میں دکھانے کا اہتمام کیا جائے۔
  • پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر میلاد مہم کی جملہ تقریبات کو بھر پور انداز میں ہائی لائٹ کیا جائے۔

گھریلو سطح (صرف خواتین کے لئے) :

یکم تا بارہ ربیع الاول خواتین بچوں کو عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اہمیت بیان کریں تاکہ بچوں میں عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی کا احسا س پیدا ہو۔ اپنے گھروں میں خصوصی حلقہ ہائے درود کا انعقاد کریں۔

  • بچوں کو درود وسلام پڑھنا سکھائیں اور اس کے اجر وثواب کی اہمیت کو اجاگر کریں۔
  • ہرروز گھروں میں خواتین کی محفل نعت کا اہتمام کریں جس میں تبرک کا اہتمام کیا جائے۔
  • خواتین محفل نعت میں خود اور بچوں کو نعت پڑھنے کی سعادت کا موقع فراہم کریں۔
  • والدین بچوں کو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بچوں کے ساتھ محبت وشفقت بھرے واقعات بیان کریں۔
  • خواتین گھروں میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پسندیدہ کھانا جو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تناول فرماتے تھے (تفصیل کتاب شمائل مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں درج ہے)گھر میں تیار کریں۔
  • بارہ ربیع الاول کے لئے گھر کی خوب صفائی کریں اور خواتین ایک دوسرے کے لئے مہندی اور چوڑیوں کا اہتمام کریں اور خوشی کا اظہار کریں۔
  • صبح فجر کے بعد شکرانے کے نفل ادا کریں۔ شرینی بانٹیں، نئے کپڑے پہنیں، عزیز واقارب سے ملیں اور محافل کا انعقاد کریں۔
  • ہر تحریکی گھرانے میں نماز فجر کے بعد کھڑے ہو کر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود وسلام پڑھا جائے۔

انفرا دی معلومات (کارکنان ) :

ہر کارکن کثرت سے درود پاک کا وظیفہ کرے۔ ماہ ربیع الاول کے پہلے بارہ دن کم ازکم 500 مرتبہ اور باقی دنوں میں کم ازکم 200 مرتبہ روزانہ درود شریف ضرور پڑھا جائے۔

  • پہلے بارہ دن ہر کارکن ہر روز دو نفل حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف سے پڑھے جبکہ باقی ایام ربیع الاول میں ہر پیر کو پڑھے۔ ہر کارکن فروغ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تحریک، تحریک منہاج القرآن میں لوگوں کو شمولیت کی دعوت دے اور کم از کم 5 لوگوں کو تحریک کا رفیق بنائے۔
  • ہر پیر کو روزہ کا اہتمام کیا جائے۔
  • پورا مہینہ گنبدخضریٰ کا مونو گرام اور نعلین پاک سینوں پر آویزاں کئے جائیں۔
  • حسب استطاعت گھروں پر یکم سے بارہ ربیع الاول تک جھنڈیوں اور لائٹنگ کے ذریعے بھرپور خوشی کا اظہار کیا جائے۔
  • جہاں تک ممکن ہو صدقہ و خیرات اور دعوتوں کا اہتمام کیا جائے۔
  • دوستوں اور رشتہ داروں کو میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کارڈ، تحائف اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے جائیں۔ ہر کارکن کم ازکم 10 افراد کو میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کارڈ بھجوائے۔ مرکز سے یہ کارڈ مبلغ 5 روپے کی قیمت پر دستیاب ہوں گے۔
  • اہم شخصیات کو سیرت الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم / میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یا شمائل مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، / منہاج السوی کا تحفہ دیں۔
  • تحریک سے وابستہ ہر فرد اپنی فیملی کو ہر روز بٹھا کر حضور شیخ الاسلام کی کتاب نورالابصار بذکرالنبی المختار سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فضائل و کمالات اور حسن وجمال پر مبنی عبارت کو پڑھ کر سنائے اور سنیں۔
  • ہر تحریکی گھرانہ اپنے گلی بازاروں میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی میں بچوں کے اندر کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کرے تاکہ شعوری طور پر بچوں کے اندر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی کا احساس پیدا ہو۔
  • بچوں کو نئے کپڑے پہنائے جائیں اور حسب استطاعت عیدی دی جائے۔
  • بچوں کو کم از کم ایک دفعہ سیر کے لئے لے جایا جائے۔
  • ٹیلی فون، موبائل میسیج کے ذریعے مبارکباد دی جائے۔ ہر کارکن تحریک کے پیغام کے ساتھ کم ازکم 20 لوگوں کو SMS کرے۔
  • ای میل کے ذریعے کارڈز کی ترسیل کی جائے۔

منہاج ایجوکیشن سوسائٹی :

منہاج پبلک / ماڈل سکولز میں تلاوت، نعت اور تقریری مقابلے بسلسلہ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد کئے جائیں۔

  • تحریک کی ممبر شپ مہم کے ذریعے ہر سکول کم ازکم 25 لوگوں کو تحریک میں شامل کرنے کا ذمہ دار ہو گا۔ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی دعوتی لٹریچر اور ممبر شپ فارم فراہم کرے گی۔
  • منہاج پبلک / ماڈل سکولز میں تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بچوں کے ساتھ شفقت ومحبت اور میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اہمیت پر لیکچرز کا اہتمام کیا جائے۔
  • جہاں ممکن ہو مشعل بردار جلوس نکالا جائے۔
  • منہاج پبلک / ماڈل سکولز میں محافل نعت کے بعد میلاد پاک کی خوشی شیرینی بانٹی جائے۔
  • بچوں کو صبح کی اسمبلی میں ایک حدیث میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے ترجمہ کے ساتھ پڑھ کر سنائی جائے۔
  • تقریری مقابلوں میں اول، دوم اور سوم آنے والے بچوں کو حضور شیخ الاسلام کی کوئی بھی کتاب تحفہ دی جائے۔
  • منہاج پبلک / ماڈل سکولز تمام قریبی پرائیویٹ سکولز کو مرکزی میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیں۔
  • مختلف سکولز کو عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کارڈ ارسال کریں۔ DDEs تمام سکولز کو اس سعادت میں شامل کریں۔
  • سرکاری وغیر سرکاری تعلیمی ادارہ جات کو تحریک منہاج القرآن کی طرف سے عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کارڈ روانہ کئے جائیں۔
  • بچوں کو صاف ستھرے کپڑے پہننے کی ترغیب دیں۔
  • تمام سکولز کی بلڈنگ میں بھی چراغاں کیا جائے۔
  • منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے تمام سٹاف کی مرکزی پروگرام میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں شرکت کو یقینی بنایا جائے۔
  • بچوں کو گھروں میں میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر چراغاں کرنے کی خصوصی ہدایت کی جائے۔
  • صبح کی اسمبلی میں تمام بچے تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس پر ایک دفعہ درود وسلام ضرور پیش کریں۔

اس عظیم الشان مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ابھی ذمہ داریاں تقسیم کردی جائیں اور تمام احباب اس میں بھرپور محنت کا مظاہر ہ کریں۔

شکریہ۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی (ناظم اعلیٰ)

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top