منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ اقبال اعظم کا دورہ آسٹریا

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ اقبال اعظم منہاجین نے 6 روزہ دورہ آسٹریا کیا۔ آپ لیلۃ القدر اور عید کی نماز کے لیے خصوصی طور پر فرانس سے ویانا تشریف لائے تھے۔ آسٹریا کے دارلحکومت ویانا کے وسط میں حال ہی میں قائم شدہ منہاج القرآن سنٹر ویانامیں رمضان المبارک کے آغاز سے ہی افطاری اور نماز تراویح سمیت نظام الصلوٰۃ کا باقاعدہ سلسلہ شروع کردیا گیا تھا۔

5 ستمبر 2010ء کو ویانا ائرپورٹ پر علامہ حافظ اقبال اعظم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ جس کے بعد انہیں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا خواجہ محمد نسیم کی رہائش گاہ پر لایا گیا۔ اسی شام منہاج القرآن سنٹر پر افطاری اجتماع منعقد ہوا۔ جس میں حافظ محمد یوسف غوری نے تلاوت کلام پاک اور نعت خوانی کی سعادت حاصل کی۔

یہاں علامہ حافظ اقبال اعظم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت جاری فلاحی منصوبہ جات اور بالخصوص سیلاب زدگان کی امداد کے پراجیکٹ پر روشنی ڈالی۔ نماز مغرب کے بعد منہاج میڈیا بیورو یورپ کے کوارڈینیٹر محمد اکرم باجوہ کو تحریک منہاج القرآن کی لائف ممبر شپ کی سند بھی دی گئی۔

منہاج سنٹر ویانا میں نماز تراویح کی ادائیگی کے بعد لیلۃ القدر کا اجتماع منعقد ہوا جس میں ویانا کے ساتھ ساتھ گراس سٹی سے بھی منہاج القرآن کے رفقاء کا ایک قافلہ محمد حنیف مغل کی قیادت میں شریک ہوا۔ علامہ حافظ اقبال اعظم نے لیلۃ القدر کی فضیلت پر قرآن حکیم کی روشنی میں گفتگو فرمائی۔

بعد ازاں صلوٰۃ التسبیح کا باجماعت اہتمام کیا گیا اور توبہ و استغفار پر مبنی اوراد و وظائف ادا کیے گئے۔ آخر میں علامہ صاحب نے امت مسلمہ اور پاکستان کی ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی۔

6 ستمبر 2010ء کو علامہ اقبال اعظم، خواجہ محمد نسیم اور محمد نعیم رضا نے ونڈر ترکی تنظیم کے تحت منعقدہ عظیم الشان افطار پارٹی کی دعوت میں خصوصی شرکت کی۔ جہاں پر علامہ صاحب کا ترکی سفیر، مقامی مسلمان ممبر پارلیمنٹ اور دیگر معززین ویانا سے تعارف کروایا گیا۔ یاد رہے کہ ترکی میں مسلمان اپنے طور پر پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کے لیے لائق تحسین کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اپنے قیام کے دوران علامہ اقبال اعظم صاحب نماز تراویح کے بعد روزانہ مختصر نشست سے اظہار خیال بھی کیا۔ جہاں وہ حاضرین کے جذبہ ایمانی کی افزودگی کا سامان مہیا کرتے رہے۔

دریں اثناء منہاج میڈیا بیورو یورپ کے کوآرڈینیٹر اور گولڈ میڈلسٹ صحافی محمد اکرم باجوہ نے علامہ حافظ اقبال اعظم کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا۔ جس میں پی سی سی کے عہدیداران کے علاوہ معززین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر چند ماہ قبل تشکیل شدہ منہاج القرآن آسٹریا کی نئی تنظیم کی تقریب حلف برداری بھی منعقد ہوئی۔

ویانا میں عید الفطر کی نماز 10 ستمبر 2010ء بروز جمعۃ المبارک کو ادا کی گئی۔ منہاج القرآن سنٹر میں عید کی نماز کے مقررہ وقت سے پہلے ہی مسجد کا زیر تعمیر ہال پوری طرح بھر چکا تھا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد سید رمیض نقوی نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ علامہ حافظ اقبال اعظم نے اجتماع عید سے خطاب کرتے ہوئے قرآن و حدیث کی روشنی میں غرباء و مساکین کے حقوق بیان کیے اور انفاق فی سبیل اللہ کی اہمیت پر زور دیا۔ اس کے بعد آپ کی امامت میں نماز عید بھی ادا کی گئی۔

اس موقع پر خواجہ محمد نسیم، صدر منہاج القرآن آسٹریا نے اعلان کیا کہ عید کے جملہ حاضرین کے لیے حلوہ پوری کا پرتکلف ناشتہ تیار کیا گیا ہے۔ لیکن ہم سب اس ناشتہ کو پاکستان میں سیلاب زدگان بھائیوں کے نام کر دیتے ہیں، اس کے لیے تمام حاضرین نے کہ کم از کم ایک یورو سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے دیا۔ یہاں تمام نمازیوں اور حاضرین نے صدقہ فطر کے علاوہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے بھی دل کھول کر عطیات جمع کروائے۔

منہاج القرآن آسٹریا کے تنظیمی اراکین اور وابستگان سنٹر زیر تعمیر ہونے کے باوجود مسجد ہال کو عید کی مناسبت سے تحریکی بینرز، غباروں اور جھنڈیوں سے سجا رکھا تھا۔ جسے پاکستانی کمیونٹی نے بہت پسند کیا۔ ان اجتماعات کے انعقاد سے ویانا میں بسنے والی تقریبا پوری پاکستانی کمیونٹی کو سنٹر کے محل وقوع اور اس کے باقاعدہ تعارف کا موقع میسر آیا۔

علاوہ ازیں پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کے لیے جاری منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں سے آگاہی دی گئی۔ پاکستانی کمیونٹی کی اکثریت نے منہاج سنٹر کے قیام کو مسلمان کمیونٹی کے لیے خوش آئند قرار دیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کے پیغام امن و محبت، باہمی سماجی رواداری اور فلاحی مقاصد کی تکمیل کے لیے اپنے نیک جذبات کا اظہار کیا۔

علامہ حافظ اقبال اعظم نے عید کا روز تحریکی رفقاء و وابستگان کے ہمراہ گزارا۔ انہوں نے محمد حفیظ اللہ قادری امیر تنظیم کے ہمراہ ملک محمد شفیع سینئر نائب صدر کی رہائش گاہ پر پرائم ٹی وی کی لائیو اپیل میں مرکزی قائدین سے بذریعہ ٹیلی فون گفتگو بھی کی اور انہیں منہاج القرآن آسٹریا کے تحت سیلاب زدگان کے لیے کی گئی امدادی کاوشوں سے مطلع کیا۔ علاوہ ازیں خواجہ محمد نسیم کی رہائش گاہ پر پاکستانی نوجوان محمد فاروق اور نومسلم خاتون محترمہ صفیہ صاحبہ کا نکاح پڑھوایا۔ اس موقع پر انکے اعزاز میں دیے گئے پرتکلف ظہرانے میں ملک امین اعوان سیکرٹری فنانس، محمد مسعود اپنی فمیلیز کے ہمراہ موجود تھے۔

علامہ حافظ اقبال اعظم کے اس چھ روزہ دورے کو کامیاب بنانے میں منہاج القرآن آسٹریا کے تنظیمی عہدیداران و کارکنان اور نوجوان ساتھیوں کی کاوشیں لائق صد تحسین ہیں۔

رپورٹ : محمد نعیم رضا

تبصرہ

Top