منہاج القرآن انٹرنیشنل (آسٹریا) کے زیراہتمام معراج النبی (ص) کانفرنس

مورخہ: 16 جون 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے زیراہتمام مورخہ 16 جون 2012ء کو منہاج سنٹر ویانا میں معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی جس میں پاکستانی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت منہاج القرآن آسٹریا کے امیر حفیظ اللہ قادری نے حاصل کی، تلاوت کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا جس میں یورپ کے مشہور نعت خوان شہریار خان، رمیض نقوی،حاجی اکبر علی، محمد ارشد، عامر صدیق آف گراس اور دیگر نعت خوانوں نے عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حکمت اور اہمیت پر مدلل خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سفر معراج سفر محبت ہے اس میں اللہ رب العزت نے اپنے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت ورفعت کا پرچار کیا ہے۔ انہوں نے اپنی اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی طرف سے جملہ حاضرین کو معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارکباد پیش کی۔

خواجہ محمد نسیم نے جملہ شرکاء محفل کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ 24 جون 2012ء کو عمرہ پر روانہ ہونے والوں کے اعزاز میں ایک ضیافت کا انعقاد کیا جائے گا جس میں سب احباب کو دعوت ہے۔ آخر میں امیر حفیظ اللہ قادری نے ختم شریف پڑھا اور اجتماعی دعا کرائی۔

رپورٹ: محمد اکرم باجوہ

تبصرہ

Top