بیداری شعور ورکرز کنونشن (ہارون آباد) - 2012

مورخہ: 22 جون 2012ء

مورخہ 22 جون کو تحریک منہاج القرآن ہارون آباد نے بیداری شعور ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا جس کی صدارت احمد نواز انجم صوبائی امیر تحریک نے کی۔ ورکرز کنونشن میں منہاج القرآن ہارون آباد کے تمام فورمز کے عہدیداران نے بھی بھرپور شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت و نعت کے ساتھ ہوا۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب احمد نواز انجم نے کہا کہ مملکت خداد پاکستان گزشتہ چند سالوں سے مشکل ترین حالات سے دو چار ہے۔ ہم دہشت گردی، بدامنی، بے روزگاری، مہنگائی، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور قتل و غارت گری کے عذابوں کا مسلسل شکار ہیں۔ بدقسمتی سے اس وقت ملک میں رائج بدعنوانی کی وجہ سے دنیا میں ہماری پہچان ہی کرپشن کے حوالے سے ہے۔ اسلام کے نام پر حاصل کیے جانے والے ملک میں اسلامی شعائر کا مذاق اڑایا جارہا ہے لیکن ممبران اسمبلی خاموش تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ پڑھا لکھا نوجوان بے روزگار اور خود کشی کرنے پر مجبور ہے، ان کے لئے قانون سازی اور منصوبہ بندی نہیں ہے جب کہ جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے بیٹے پیدائشی حکمران ہیں۔ یہ سب لوگ اس کرپٹ سرمایہ دارانہ نظام انتخاب کی وجہ سے اسمبلیوں میں جاتے ہیں۔ جب تک عوام اس نظام کو سمندر برد نہیں کر دیتی ملک میں حقیقی تبدیلی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکن بیداری شعور کا یہ پیغام عوام الناس تک مؤثر انداز میں پہنچانے کے لئے دن رات ایک کردیں تاکہ ملک میں حقیقی تبدیلی کا راستہ ہموار ہوسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 4 نومبر کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا مینار پاکستان پر ایسا تاریخی استقبال کریں گے جودنیا میں آج تک کسی قائد کا نہ ہوا ہو۔ 4 نومبر پاکستان کی تاریخ کا تاریخ ساز دن بنانے کے لئے کارکن اپنے محبوب قائد سے وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے آج سے استقبال کی تیاریاں شروع کر دیں۔ ہر کارکن ایک بس جس میں 60 افراد سوار ہو لے کر مینار پاکستان پر پہنچے۔ کنونشن کا اختتام دعائے خیر کے ساتھ ہوا۔

رپورٹ: عتیق چوہدری

تبصرہ

Top