چشتیاں: رضائے الٰہی کاحصول عبادت وبندگی کی معراج ہے

گزشتہ روز چشتیاں میں تحریک منہاج القرآن چشتیاں کے زیراہتمام علی ہوٹل میں درس عرفان القرآن کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ جناب علامہ غلام مرتضیٰ علوی مرکزی سینئر نائب ناظم دعوت نے اللہ کے عبادت گزار بندوں کے طبقات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ بعض اللہ کی عبادت دنیا کے لئے کرتے ہیں جبکہ بعض آخرت کے لئے اور بعض طبقات ایسے ہوتے ہیں جو اللہ کی عبادت اس کی رضا کے لئے کرتے ہیں۔ دنیا کے لئے عبادت و بندگی کرنے والوں کا انعام دنیا وآخرت کے لئے سر جھکانے والوں کا اجرآخرت جبکہ رضائے الٰہی کے لئے سر بسجود ہونے والوں کو اللہ جل مجدہ اپنی رضا کا صلہ دیتے ہوئے فرماتا ہے کہ فاذکرونی اذکر کم ’’تم میرا ذکرکرو میں تمہارا ذکر کروں گا۔،،

دنیا وآخرت کے لئے عبادت کرنا حرص طمع اور لالچ کی عبادت ہے۔ یہ تاجروں کا طرز عمل ہے۔ عبادت و بندگی کا آغاز ہی رضا سے ہوتا ہے گویا عبادت و بندگی کی معراج یہ ہے کہ بندہ اللہ کی بارگاہ میں سر جھکائے ہوئے کہے۔ لربھم سجد وقیاما (ہمارے) سجدہ اور قیام اللہ (کی رضا) کے لئے ہیں۔ جبکہ ایک طبقہ عبادت گزار بندوں کا ایسا بھی ہوتا ہے جو رضا سے آگے بڑھ کر دیدار الٰہی تک پہنچتا ہے۔ ایسے معراج کی بھی معراج میسر آتی ہے۔ ان کی تمنا اور مراد قرآن نے یوں ذکر کی یریدون وجہ اور وہ اللہ (کے چہرے یعنی نور) کی طلب رکھتے ہیں۔ انہوں نے تحریک منہاج القرآن کی دعوت کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اپنی عبادتوں کی نیتوں کو بلند تر کر لیں۔

احمد حسن فاروقی ناظم یوتھ اور حامد رضا (منہاجین) ناظم تحریک چشتیاں نے بھرپور جدوجہد سے اسے کامیاب بنایا۔ حامد رضا نے جملہ مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور دعا جامعہ گلستان غوث اعظم کے مہتمم علامہ رازی نے فرمائی۔

تبصرہ

Top