نظامت تربیت کے زیراہتمام بہاول پور میں آئیں دین سیکھیں کورس کا آغاز

مورخہ: 19 مئی 2012ء

نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام بہاول پور میں آئیں دین سیکھیں کورس کا آغاز مورخہ 28 اپریل 2012ء بروز ہفتہ کو ہوا۔ جس میں مرکزی سینئر نائب ناظم تربیت علامہ غلام ربانی تیمور اور مرکزی ناظم عرفان القرآن کورسز علامہ محمد شریف کمالوی نے خصوصی شرکت کی۔ ان کے علاوہ نائب ناظم پنجاب علامہ احمد حسن فاروقی، سہیل کامران صدر تحریک بہاول پور، ناظم تحریک بہاول پور علامہ محمد احمد سعیدی، ویمن لیگ بہاول پور اور تحریک منہاج القرآن منڈی یزمان، خیرپور ٹامیوالی کے کارکنان بھی شریک ہوئے۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت علامہ محمد احمد سعیدی نے حاصل کی۔ اس کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔ نقابت کے فرائض محمد شفیق نے سرانجام دیئے۔ علامہ محمد احمد حسن فاروقی نے تمام مہمانوں اور شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ بعدازاں علامہ محمد شریف کمالوی نے آئیں دین سیکھیں کورس کی مکمل بریفنگ دی، جس میں انہوں نے اس کورس کی افادیت اور ضرورت سے لوگوں کو آگاہ کیا۔ اس لیکچر کو شرکاء نے خوب سراہتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ ہم نظامت تربیت کے تعاون سے اس کورس کو پوری بہاول پور ڈویژن میں جلد از جلد پھیلا دیں گے۔

بعدازاں علامہ غلام ربانی تیمور نے مدلل خطاب کرتے ہوئے قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام احسن انداز میں تمام کارکنان تک پہنچایا۔ آخر میں شیخ الاسلام کا تربیتی حوالے سے ویڈیو خطاب دکھایا گیا جس کے بعد تمام شرکاء نے عزم واستقلال اور عہد وفا کا مظاہرہ کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ تقریب کے اختتام پر ملک وقوم کی سلامتی اور شیخ الاسلام کی درازی عمر اور مشن کی مزید ترقی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ: عظمت فریدجوئیہ

تبصرہ

Top