بھکر، تحریک منہاج القرآن کا ورکرز کنونشن

مورخہ: 03 جون 2012ء

تحریک منہاج القرآن بھکر کے زیراہتمام مورخہ 3 جون 2012 کو بروز اتوار مومن شادی ہال بھکر میں عظیم الشان بیداری شعور ورکرز کنونش ضلعی کوآرڈینیٹر سردار جمعہ خان کی زیرسرپرستی منعقد ہوا۔ اس عظیم الشان ورکرز کنونشن میں مرکزی رہنما سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض اور امیر پنجاب احمد نواز انجم نے خصوصی شرکت کی جبکہ ضلع بھر سے تحصیلی، یوسی اور یونٹ سطح کے عہدیداران نے بھی بھرپور شرکت کی۔ کنونشن میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 20، منہاج القرآن ویمن لیگ کی 30، منہاج القرآن یوتھ لیگ کے 10، پاکستان عوامی تحریک کے 5، اور تحریک منہاج القرآن کے 260 عہدیداران نے شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری خالد حبیب نے حاصل کی۔ اس کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں فرحان علی قادری نے ہدیہ نعت پیش کی جس سے ہر کارکنان کی آنکھ اشک بار ہوگی۔

اس موقع پر صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل بھکر ارشد علی قادری نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے تمام شرکاء کو کنونشن میں تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا۔ پروگرام میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض عدنان حسن مصطفوی نے سرانجام دیے جبکہ احسان اللہ قریشی وہمنوا نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی پاکستان آمد کے حوالے سے خصوصی ترانہ ومنقبت پیش کی۔

سینئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض نے شرکاء سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملکی صورتحال انتہائی افسوس ناک ہے جو کہ اس استحصالی نظام کی وجہ سے ہورہا ہے لہذا ہمیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے پیغام بیداری شعور کو پاکستان کے ہر کونے تک اور ہر شخص تک پہنچانا ہوگا۔ ہمیں اپنے قائد کے عظیم مشن کو پورا کرنے کے لئے شب روز محنت کرنا ہو گی تاکہ جلد از جلد ہم اپنے مصطفوی مشن میں کامیاب ہوسکیں۔

امیر پنجاب تحریک منہاج القرآن احمد نواز انجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں انتہائی کم وقت میں بہت زیادہ کام کرنا ہے جس کے لیے ہمیں سخت محنت کرنا ہو گی۔ ہمیں زیادہ سے زیادہ لوگوں تک بیداری شعور کا پیغام پہنچانا ہو گا تاکہ ملک پاکستان کو اس فرسودہ نظام سے نجات دلائی جاسکے۔

پروگرام کے اختتام پر احمد نواز انجم نے ملک پاکستان کی خوشحالی، امن وآشتی، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درازی عمر اور صحت وسلامتی کے لئے خصوصی دعا کی۔ دعائیہ کلمات کے بعد تمام عہدیداران کو کھانا پیش کیا گیا۔

تبصرہ

Top