منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیراہتمام یورپین امن کانفرنس

دہشت گردوں اور دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، ہر معاشرے میں بگڑے ہوئے لوگ موجود ہوتے ہیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیراہتمام کوپن ہیگن کے Tivoli Congress Center کے وسیع و عریض ہال میں یورپی امن کانفرنس (European Peace Conference) مورخہ 9 ستمبر 2012ء بروز اتوار کو منعقد ہوئی جس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے "اسلام دین امن" کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔ کانفرنس میں ڈنمارک اور یورپ بھر سے ہزار ہا مرد و خواتین نے شرکت کی۔ جن ممالک سے وفود نے شرکت کی ان میں یونان، اٹلی، سپین، آسٹریا، سوئٹزرلینڈ، فرانس، ہالینڈ، جرمنی، ناروے، سویڈن، فن لینڈ اور برطانیہ شامل ہیں۔

کانفرنس کا آغاز قاری اللہ بخش نقشبندی نے لحن داؤدی میں تلاوتِ قرآن کریم سے کیا جس کے بعد محمد جمیل نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے صدر سید محمود شاہ (منہاجین) نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈنمارک کے کثیر الاشاعت اخبار Politiken نے شیخ الاسلام کی ڈنمارک میں آمد کے بارے لکھا ہے کہ "عالم اسلام کا ستارہ ڈنمارک میں آیا ہے"۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ڈنمارک میں احترام انسانیت کا پیغام لے کر آئے ہیں، وہ دنیا میں قرآن و سنت کا آفاقی پیغام عام کر رہے ہیں۔ تمام مسلمانوں کا فرض بنتا ہے وہ شیخ الاسلام کا دست و بازو بن جائیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے امن کانفرنس میں اپنے خطاب سے قبل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں خصوصی شیلڈ کا اعلان کیا جو کہ معظم بٹ، زاہد کیانی، حافظ سجاد احمد اور محمد اکبر نے شیخ الاسلام کے دست مبارک سے وصول کی۔ MQI ڈنمارک کے نئے مرکز کے قیام کی خدمات کے سلسلہ میں محمد بلال اوپل، نفیس فاطمہ، علامہ عبدالستار سراج اور شیخ علی عمران کو الگ الگ گولڈ میڈل دیا گیا۔ ناروے کی زبان میں عرفان القرآن کا ترجمہ مکمل کرنے پر نازیہ بتول، یاسر حسین اور عقیل قادر کو خصوصی شیلڈز سے نوازا گیا، اسی طرح فیض عالم کو بھی شاندار کارکردگی پر خصوصی شیلڈ دی گئی۔ شیخ الاسلام نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کی تنظیمات و فورمز کو عظیم الشان امن کانفرنس کے انعقاد پر مبارک باد دی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے خطاب کا موضوع قرآن کریم کی آیت مبارک "وما ارسلنک الا رحمۃ للعلمین" کو بنایا، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو کسی ایک قوم یا خطہ نہیں بلکہ تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے، اسلام سراسر امن ہے، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیغمبر امن ہیں، قرآن مجید کتابِ امن ہے اور امت محمدی امتِ امن ہے، انہوں نے کہا کہ آج دنیا امن کی بات کر رہی ہے جبکہ اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو آج سے 1500 سال قبل پیکرِ رحمت بنا کر بھیجا، انہوں نے بتایا کہ امن کا اگلہ درجہ رحمت ہے، امن کا مطلب یہ ہے کہ کوئی آپ کو نقصان نہ پہنچائے جبکہ رحمت سے مراد یہ ہے کہ کوئی آپ کو فائدہ ہی فائدہ پہنچائے، لہٰذا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صرف پیغمبر امن نہیں بلکہ پیغمبر رحمت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر سوسائٹی میں کچھ ایسے لوگ ہوتے ہیں جو بگڑے ہوئے ہوتے ہیں اور اپنے مذہب کی درست تعلیمات کو فالو نہیں کرتے، وہ جرائم پیشہ یا انتہاء پسند کہلاتے ہیں اور دہشت گردی اور انتہاء پسند ی کا ارتکاب کرتے ہیں، ایسے لوگ صرف مسلمانوں میں نہیں بلکہ ہر مذہب اور سوسائٹی میں موجود ہیں، میں یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ایسے مٹھی بھر انتہاء پسند لوگوں کی وجہ سے کسی بھی دین، قوم یا مذہب کو بدنام نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور دہشت گردی کا بھی کوئی مذہب نہیں ہوتا، یہ انسانیت اور مذاہب کے خلاف ایک جرم ہے، ہمیں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام مذاہب اور معاشروں کے افراد کو مل کر کوشش کرنا ہو گی۔

انہوں نے اپنے خطاب کے اختتامی حصہ میں منہاج القرآن کے وابستگان کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ امن و محبت کا پیغام عام کریں، اپنے اعمال درست کریں، بات کریں تو محبت و پیار کی بات کریں، دلوں میں نفرتیں نہ رکھیں، بڑوں کی عزت کریں، چھوٹوں پر شفقت کریں، ایسا نمونہ پیش کریں کہ آقاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ کا عکس نظر آئے، دنیا کی کوئی طاقت اس مشن کے فروغ کو روک نہیں سکتی۔

منہا ج القرآن اوسلو (ناروے) کے ڈائریکٹر علامہ محمد اقبال فانی (منہاجین) نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شخصیت کا تعارف اُن کی تصانیف (کتب) کی روشنی میں پیش کیا۔ منہاج القرآن درامن (ناروے) کے ڈائریکٹر علامہ نور احمد نور نے شیخ الاسلام کی شخصیت پر اپنا کلام حسین لحن میں پیش کیا تو پورا کانفرنس ہال کیف و مستی سے جھوم اٹھا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن برطانیہ کے عدنان سہیل نے MWF کے تحت دنیا بھر میں جاری مختلف فلاحی سرگرمیوں کے متعلق بریفنگ دی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے سیکرٹری جنرل محمد بلال اوپل نے ڈنمارک اور یورپ بھر سے آئے ہوئے مہمانوں کا شکریہ اداء کیا اور MQI ڈنمارک اور MWF ڈنمارک کی سرگرمیوں کے بارے معلومات دیں۔ برطانیہ سے تشریف لانے والی محترمہ خدیجہ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ، خواتین کے حقوق اور تعلیم کے فروغ کے لیے کی گئی کاوشوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

کانفرنس کے انتظامات کے لیے منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک نے مختلف ذیلی تنظیمات اور فورمز کے ممبران پرمشتمل انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے رکھی تھیں۔ کانفرنس میں دیوقامت پروجیکٹر سکرینز کے ذریعے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے اردو خطاب کا انگریزی اور ڈینش زبان میں ترجمہ براہ راست پیش کیا گیا، ڈینش ترجمہ عامر مطلوب (ڈنمارک) نے جبکہ انگریزی ترجمہ جاوید اقبال طاہری (برطانیہ) نے کیا۔ کانفرنس کی اردو، ڈینش اور انگریزی رپورٹ تیار کرنے کی ذمہ داری بالترتیب نوید احمد اندلسی، محمد منیراور فیصل نجیب نے سرانجام دی۔ کانفرنس میں خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی جن کے لیے ہال کے بائیں جانب واقع نشستوں کے علاوہ ہال کی بالائی منزل پر بیٹھنے کا انتظام کیا گیا تھا۔ کانفرنس ہال کے داخلی دروازے پر منہاج القرآ ن انٹرنیشنل ڈنمارک کی لائبریری ٹیم کی طرف سے سٹال بھی لگایا گیا تھا جس پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب اور خطابات سینکڑوں کی تعداد میں موجود تھیں۔

منہاج یوتھ لیگ ڈنمارک کے نوجوانوں پر مشتمل ٹیم نے کانفرنس کے تمام شرکاء کی داخلے سے قبل رجسٹریشن کی، کانفرنس کا آغاز دن 2 بجے تلاوتِ قرآن کریم سے کیا گیا جس کی سعادت حافظ عبد الرزاق نقشبندی (بارسلونا، سپین) نے حاصل کی جس کے بعد حسین شاہ، شاہد سرور، جمیل قادری اور منہاج نعت کونسل کے نوجوانوں نے علامہ ظہیر احمد نقشبندی کے ہمراہ اپنے منفرد انداز میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ کانفرنس میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض منہاج القرآن اوڈنسے (ڈنمارک) کے ڈائریکٹر علامہ ندیم یونس (منہاجین) اور منہاج ویمن یوتھ لیگ کی صدر محترمہ مسرت ظہور نے اداء کیے۔ مختلف ممالک سے آنے والے وفود کے سربراہان کو سٹیج پر موجود نشستوں پر بیٹھنے کے دعوت دی گئی جن میں حاجی عبدالغفور (برطانیہ)، علامہ حسن میر قادری (امیر منہاج یورپین کونسل)، چوہدری اعجاز احمد وڑائچ (صدر منہاج یورپین کونسل)، علامہ نور احمد نور (ناروے)، علامہ محمد اقبال اعظم منہاجین (ڈائریکٹر MWF یورپ)، چوہدری محمد اقبال وڑائچ (صدر جنوبی اٹلی)، شبیر احمد اعوان (صدر فرانس)، علامہ احمد رضاء (ہالینڈ)، علامہ صداقت علی (ناروے)، حاجی ارشد جاوید (صدر نارتھ اٹلی)، سید جمیل شاہ (سیکرٹری جنرل MPIC منہاج یورپین کونسل)، محمد نعیم رضاء (جوائنٹ سیکرٹری منہاج یورپین کونسل)، محمد نواز کیانی (سرپرست منہاج القرآن سپین)، علامہ غلام مصطفی مشہدی (اٹلی)، علامہ اسرار احمد (اٹلی)، علامہ شوکت اعوان (جرمنی) اور علامہ محمد اقبال فانی (ناروے) شامل ہیں۔

کانفرنس کے اختتام پر یورپ بھر سے آئے ہوئے مہمانوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے صدر سید محمود شاہ (منہاجین ) اور سیکرٹری جنرل محمد بلال اوپل کو کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر خصوصی مبارک باد دی۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں منہاج ٹی وی کے ذریعے شریک افراد کے تصویری مناظر

تبصرہ

Top