منہاج سکول آف اسلامک سائنسز ڈنمارک میں درس نظامی کے پہلے بیج کا کانووکیشن

منہاج سکول آف اسلامک سائنسز ڈنمارک کے درس نظامی کے پہلے بیج کے طلباء و طالبات نے تین سال کی محنت سے جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن لاہور کے نصاب کے مطابق الشہادۃ الثانویہ کی تکمیل کرکے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی دنیا بھر کی تنظیمات میں پہلا اعزاز حاصل کر لیا۔ اس پرمسرت موقع پر نظامت تعلیمات کی طرف سے طلباء و طالبات کو اسناد و انعامات سے نوازنے کے لئے عظیم الشان کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے قائدین، رفقاء، کارکنان، اساتذہ کرام، والدین اور کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔

کانووکیشن سے منہاج ٹی وی کے ذریعہ سے ویڈیو لنک پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کرام کو خصوصی مبارکباد دی اور علم کی اہمیت پر بہت پرمغز، سبق آموز اور دل میں اتر جانے والی گفتگو کی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کانووکیشن میں بذریعہ ویڈیو لنک گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک و قوم کی امید نوجوان ہیں جن کا شاندار مستقبل اعلیٰ تعلیم سے وابستہ ہے، پاکستان میں جدید علوم و فنون اور تحقیق کے شعبہ جات کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی ضرورت ہے، عالم اسلام جب تک تحقیق سے وابستہ رہا دنیا کی امامت کرتا رہا، جب سے ہم نے علوم و فنون کو ثانوی حیثیت دی تو ہم ثانوی قوم ہی بن کر رہ گئے ہیں۔ طلبہ عصر حاضر کی جدید اور بامقصد تعلیم سے خود کو ہم آہنگ کریں۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی جدید علوم کے فروغ اور تحصیل میں ہے۔ قرآن و حدیث میں علم کو فلاح اور کامیابی کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے، اہل علم کی بہت زیادہ فضیلت بیان کی گئی ہے، علم انسان کو پستی سے بلندی کی طرف لے جاتا ہے، علم غیر تہذیب یافتہ اقوام کو تہذیب کی دولت سے مالا مال کرتا ہے۔ قرآن حکیم کی پہلی آیت جو اللہ تعالیٰ نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر نازل فرمائی وہ علم ہی سے متعلق ہے، علم انسان میں ایمان اور یقین کی دنیا آباد کرتا ہے اور بھٹکے ہوئے لوگوں کو سیدھا راستہ دکھاتا ہے، تعلیم و تربیت درس و تدریس دین اسلام کا جزو لاینفک ہے۔

شیخ الاسلام کا مزید کہنا کہ اسلام میں علم کا مقام بہت بلند اور ارفع ہے، اسلام حصول علم کو دینی فریضہ قرار دیتا ہے۔ اسلام میں علم کے بارے میں کوئی محدودیت نہیں، دین اسلام میں تمام نافع علوم مطلوب اور پسندیدہ ہیں۔

شیخ الاسلام نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک اور منہاج ایجوکیشن بورڈ کے تمام ذمہ داران بالخصوص مفتی ارشاد حسین سعیدی، شیخ محمد اشفاق، ڈاکٹر عرفان ظھور احمد، حافظ سجاد احمد، رضوان احمد چوہدری، محمد بلال اپل، علامہ محمد ادریس الازہری، شاہنواز اپل اور سجاد احمد ساھی کو بھی مبارک باد پیش کی۔

منہاج ایجوکیشن بورڈ کے جنرل سیکرٹری محمد بلال اپل نے اس تقریب میں استقبالیہ کلمات پیش کیے جبکہ امیر تحریک شیخ محمد اشفاق نے کلمات تشکر ادا کیے۔

تقریب میں MQI سویڈن کے صدر محمود شاہ، قاری اللہ بخش نقشبندی، ظہیر عباس بلالی، علامہ محمد اعجاز ملک، علامہ اشتیاق الازھری، علامہ عتیق احمد ہزاروی اور علامہ نفیس احمد نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں درس نظامی کے طلباء وطالبات کے علاوہ شعبہ حفظ و ناظرہ، اردو اور اسلامک ایجوکیشن کے طلبہ و طالبات میں بھی اسناد اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن بورڈ علامہ مفتی ارشاد حسین سعیدی نے حاضرین پہ نوجوان نسل کی دینی تعلیم و تربیت پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر تمام حاضرین کیلئے ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔

رپورٹ : سجاد احمد ساھی انفارمیشن سیکرٹری منھاج ایجوکیشن بورڈ

تبصرہ

Top