علامہ محمد صادق قریشی کا تین روزہ کامیاب دورہ فن لینڈ
منہاج القرآن انٹرنیشنل (لندن) برطانیہ کے ڈائریکٹر علامہ محمد صادق قریشی منہاج القرآن فن لینڈ کی تنظیم کی دعوت پر تین روزہ دورہ پر مورخہ 09 فروری 2012ء بروز جمعرات شام کے وقت فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی پہنچے جہاں منہاج القرآن فن لینڈ کے صدر اعجاز اختر قادری، نائب صدر جنید حسین، ناظم سید عدنان علی، ناظم دعوت سید عبدالباسط اور دیگر تنظیمی احباب نے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔
مورخہ 10 فروری 2012ء کو پاکستانی فنش اسلامکی سنٹر ہیلسنکی میں جمعہ کا خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد صادق قریشی نے کہا کہ میلادکے ذریعے محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام عام کیا جاتا ہے، انہوں نے میلادالنبی کو منانے کا کلچر اپنانے اور عام کرنے کی ضرورت کی طرف توجہ دلائی۔ نماز جمعہ کے بعد پر سوز دعا اور ذکر الٰہی کرایا گیا۔ جمعہ کی شام علامہ محمد صادق قریشی نے سید عدنان علی کے گھر میں منہاج القرآن کے ممبران کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں شرکت کی۔ شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے امن، محبت اور یگانگت کے ساتھ رہنے کی ضرورت کو مسلمانوں میں بالعموم اور پاکستانیوں میں بالخصوص عام کرنے پر زوردیا۔ نشست کے دوران بیداری شعور کی ویڈیو دکھائی گئی۔
مورخہ 11 فروری 2012ء بروز ہفتہ علامہ محمد صادق قریشی کو ہیلسنکی اور ایسپو شہروں کا دورہ کرایا گیا جس کے دوران فنش نیشنل آرٹ گیلری، عجائب گھر، اسکینک ریزارٹ اور دیگر نمایاں اور مشہور مقامات دکھائے گئے۔ ہفتہ کی شام انہوں نے ایسپو میں رکھے گئے فیملی ایونٹ میں خصوصی شرکت کی جس میں خواتیں، مرد اور بچوں نے شرکت کی۔ یہ پروگرام ایک دلچسپ سوال وجواب کی نشست میں ڈھل گیا اور اس دوران روح، محبت اور ادب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوعات پر پوچھے گئے کئی سوالات کے جوابات دیئے گئے۔ علامہ محمد صادق قریشی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ منہاج القرآن ادب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مشن ہے۔
مورخہ 12 فروری 2012ء بروز اتوار شام چاربجے فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں عظیم الشان مرکزی محفل میلاد منعقد ہوئی جس میں مرد وخواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت ڈاکٹر سمیع نے حاصل کی جوایسپو شہر سے تشریف لائے تھے۔ اسکے بعد نعت خوانوں نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعتوں کی صورت میں عقیدت کا اظہار کیا۔ منہاج القرآن فن لینڈ کے صدر اعجاز اختر قادری نے استقبالیہ کلمات پیش کئے۔
منہاج القرآن لندن (برطانیہ) کے ڈائریکٹر علامہ محمد صادق قریشی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج چاروں طرف سے یہ کوشش ہے کہ لوگوں کو رسول پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور دین سے دور کر دیا جائے۔ مادیت، اشتراکیت، معرضیت اور متنبیت کے فتنوں کے ذریعے سے مسلمانوں کو ان کے مرکز سے ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ منہاج القرآن کا نوے سے زائد ممالک میں پھیلا ہوا مشن ان طاغوتی سازشوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنا ہوا ہے۔ پروگرام کے اختتام پر بچوں نے مل کر ہدیہ نعت پیش کی جس کے بعد تمام حاضرین نے مل کر صلوۃ وسلام پڑھا۔ منہاج القرآن کی تاحیات ممبر شپ حاصل کرنے والے ممبران میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ محفل میں ترکی مسجداور کلچرل سنٹر کے امام محمد صاحب نے خصوصی شرکت کی اور دعا فرمائی۔
محفل کے اختتام پر تمام حاضرین کے لئے کھانے کا اہتمام کیا گیا، ہال کو خوبصورت بینرز اور فرمودات سے سجایا گیا تھا۔ ہال میں خوبصورت سٹال پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتب اور خطابات رکھے گئے تھے جن کو شرکاء نے بہت پسند کیا اور ان سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے خریدا۔ سید عبدالباسط، محمد اکرام، ڈاکٹر شیراز احمد، مرز ا علیم بیگ، جنید حسین اور دیگر اراکین نے پروگرام کے انتظام وانصرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
رپورٹ: سید عدنان علی
تبصرہ