پاکستان عوامی تحریک فرانس کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی تقریب

مورخہ: 26 مارچ 2011ء

پاکستان عوامی تحریک فرانس کے زیر اہتمام مورخہ 26 مارچ 2011 بروز ہفتہ کو مرکز منہاج القرآن فرانس میں یوم پاکستان جوش وخروش سے منایا گیا۔ تقریب کی صدارت منہاج یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری نے کی جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان مسلم لیگ (ق)، پاکستان پیپلز پارٹی اور ورلڈ اسلامک مشن کے عہدیداران نے خصوصی شرکت کر کے قومی یکجہتی کا ثبوت دیا۔

تقریب کا آغاز قاری محمد کاشف نے قرآن پاک کی آیات بینات سے کیا جبکہ حاجی حنیف مغل نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ تقریب کی نقابت کے فرائض علامہ عبدالرازق نے ادا کئے۔ یوتھ کی نمائندگی کرتے ہوئے منہاج یوتھ لیگ کے نوجوانوں نے ملی نغمے پیش کئے۔ عدنان شفقت نے ملکی صورتحال پر اپنی لکھی ہوئی ایک نظم پڑھی جبکہ محمد عثمان نے یوم پاکستان کے حوالہ سے فرنچ زبان میں تقریر کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے ناظم حاجی محمد اسلم، منہاج ویمن لیگ کی ناظمہ ممتاز ملک اور صحافی برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے شاہ بانو میر نے بھی یوم پاکستان کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

منہاج یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ پاکستان بنانے سے پہلے تین رکاوٹیں تھیں مگر پاکستان بننے کے بعد پانچ رکاوٹیں پیش آئیں جن میں مذہبی انتہا پسندی، جاگیر دارانہ منفی سوچ، سرمایہ دارانہ ذہنیت، آمرانہ سوچ اور ایسی سوچ جس کی بنیاد غلط فہمی پر ہو۔ منہاج القرآن ان تمام معاملات کے خلاف عوام کے شعور کی بیداری کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے صدر عبدالجبار بٹ، جنرل سیکرٹری حاجی محمد اسلم، پاکستان عوامی تحریک فرانس کے صدر چودھری محمد ظفر اقبال، جنرل سیکرٹری چودھری محمد اعظم اور مرد وخواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر قومی ترانہ پڑھا گیا اور ملکی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء کی ریفریشمنٹ کا خصوصی انتظام کیا گیا۔ پروگرام کی کامیابی پر صدر پاکستان عوامی تحریک فرانس چودھری محمد ظفر اقبال اور جنرل سیکرٹری چودھری محمد اعظم کو خصوصی مبارکباد پیش کی گئی۔

رپورٹ:عدنان شفقت

تبصرہ

Top