منہاج القرآن گارج لے گونس، سارسل ( فرانس ) کے زیر اہتمام اس سال (2011) مسنون اعتکاف کیا گیا

مورخہ: 20 اگست 2011ء

جس طرح منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام دنیا بھر میں ہزاروں مقامات پر اجتماعی اعتکاف منعقد ہوتا ہے اسی طرح منہاج القرآن گارج لے گونس، سارسل ( فرانس ) کے زیر اہتمام مسنون اعتکاف کیا گیا جس میں 18 افراد نے مسنون اعتکاف کیا۔ ان معتکفین کی جسمانی اور روحانی غذا کا انتظام منہاج القرآن گارج لے گونس تنظیم نے کیا تھا۔

علامہ عبدالرازق نے معتکفین کی روحانی غذا کے لئے نماز تہجد سے لیکر رات سونے تک کا ایک شیڈول ترتیب دیا جس میں فرض اور نفلی نمازوں کے علاوہ آئیں دین سیکھیں اور آئیں قرآن سیکھیں کو بھی شیڈول کا حصہ بنایا گیا تھا۔ ان نو دنوں میں معتکفین کو آئیں دین سیکھیں جو کہ بنیادی دینی تعلیمات، قرآن کو احسن انداز میں کس طرح پڑھنا ہے اور قواعد و ضوابط پر مشتمل تھا کروایا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ روزانہ دو گھنٹے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ویڈیو خطاب بھی دکھایا جاتا رہا اور معتکفین کی روحانی تربیت کے لئے بعد نما از تراویح محفل ذکر و فکر کا بھی انعقاد کیا گیا تھا، چاند رات کو معتکفین کے الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گارج لے گونس کے صدر زاہد محمود چشتی، فلک شیر، حاجی خلیل، شوکت علی قادری، راحت حسین، صابر قادری، شیخ ارشد، چودھری آصف، سہیل قادری کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

تقریب میں معتکفین کو منہاج القرآن گارج لے گونس کی طرف سے شیخ الاسلام کی ذات پر لکھی گئی ایک ایک کتاب اور ایک ایک مٹھائی کا ڈبہ گفٹ دیا گیا، اہل علاقہ نے اس اجتماعی اعتکاف کو بے حد پسند کیا اور اپنی طرف سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے بعد علامہ عبدالرازق نے تمام معتکفین اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے ہم پر اعتماد کرتے ہوئے ہمیں خدمت کا موقع فراہم کیا۔ دعا کے ساتھ پروقار تقریب کا اختتام ہوا۔

رپورٹ: محمد علی رضا

تبصرہ

Top