منہاج القرآن انٹرنیشنل گارج لے گونس (فرانس) کے زیراہتمام یوم حضرت علی رضی اللہ عنہ شان وشوکت سے منایا گیا

مورخہ: 23 جون 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل گارج لے گونس (فرانس) کے زیراہتمام مورخہ 23 جون 2012ء کو یوم سیدنا علی شیر خدا رضی اللہ عنہ انتہائی شان وشوکت سے منایا گیا۔ جس کی صدارت منہاج القرآن گارج لے گونس فرانس کے صدر حاجی خلیل احمد نے کی جبکہ ناصر حسین تارڑ مہمان خصوصی تھے۔

محفل میں خصوصی خطاب منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد اقبال اعظم نے کیا جبکہ چودھری رازق حسین، زاہد محمود چشتی(صدر گارج لے گونس)، سہیل یعقوب(صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ)، کے علاوہ منہاج القرآن فرانس کے صدر شبیر اعوان، ناظم مالیات سلیم گھمن، نائب صدر چودھری اشرف، محمد عباس، محمد اصغر اور رانا سرور نے بھی خصوصی شرکت کی۔ ان کے علاوہ گردونواح سے خواتین وحضرات کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری نورالامین قادری نے حاصل کی۔تمام شرکاء نے اجتماعی طور پر درود وسلام پیش کیا۔ریحان مصطفی، محمد اصغر حسین، محمد جاوید اور زاہد محمود چشتی نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد اقبال اعظم نے حضرت علی شیر خدا رضی اللہ عنہ کی شان بیان کرتے ہوئے کہا کہ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جس کا میں مولا ہوں اس کا علی مولا ہے، اس لئے جو شخص تاجدار کائنات کو اپنا مولا مانتا ہے اس کے لئے لازم ہے کہ وہ حضر ت علی شیر خدار ضی اللہ عنہ کی محبت کو اپنا ایمان بنا لے۔ ان کے بعد مہمان خصوصی ناصر حسین تارڑ نے اظہار خیال کیااور منہاج القرآن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

منہاج القرآن فرانس کے ڈپٹی ڈائریکٹر علامہ چودھری رازق حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولائے کائنات کی طرف دیکھنا بھی عبادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے ہر رفیق، ہر کارکن اور ہر محبت کرنے والے کو فیض اہل بیت کا حصہ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا پیغام یہ ہے کہ اگر کوئی اس دنیا کی زندگی میں، قبر کی زندگی میں اور آخرت کی زندگی میں کامیابی چاہتا ہے تو وہ اہل بیت اور صحابہ کے دامن کو تھام لے وہ کامیاب ہو جائے گا۔ پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا اور شرکاء کی تواضع پر تکلف کھانے سے کی گئی۔

رپورٹ: محمد علی رضا

تبصرہ

Top